1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کی یورو زون سے رخصتی کا خدشہ، متبادل منصوبوں کی تیاری

24 مئی 2012

سینئر یورپی حکام نے یورپی یونین کے سربراہوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یونان کے یورو زون سے علیحدہ ہونے کے خدشے کے حوالے سے متبادل منصوبوں کی تیاری شروع کر دیں۔

https://p.dw.com/p/151Le
تصویر: Reuters

بدھ کے روز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں یورپی سربراہان مملکت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقتصادی طور پر بحران کے شکار یونان کو یورو زون میں شامل رہنا چاہیے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یونان کو اس حوالے سے کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری بھی کرنی چاہیے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا اس ضمن میں کہنا تھا، ’’ہم چاہتے ہیں کہ یونان یورو میں رہے مگر ہم زور دیں گے کہ یونان اپنے وعدوں اور معاہدوں پر عمل کرے۔‘‘

دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تین یورپی اہلکاروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یونان کے امکانی طور پر یورو زون سے علیحدہ ہونے کے پیش نظر متبادل منصوبوں کی تیاری پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ گو کہ یونان کی وزارت خزانہ نے ایسے کسی منصوبے کی تردید کی ہے، بیلجیئم کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی پلان زیر غور ہیں۔

Merkel und Hollande beim EU-Gipfel am 23.05.2012
رمن چانسلر انگیلا میرکل اور نو منتخب فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے درمیان مالیاتی بحران کی شدت کم کرنے کے لیے یورو بانڈز جاری کرنے کی تجاویز پر اختلافِ رائے بھی دیکھنے میں آیا

جرمنی کے وفاقی بینک بنڈس بانک کی ماہانہ رپورٹ میں یونان کی صورت حال کو ’بے حد تشویش ناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یونان پچھلے دو بیل آؤٹ پیکجوں کی وصولی کے وقت کیے گئے وعدوں پر عمل نہ کر کے معاملات خراب کر رہا ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین کے رکن ملکوں کی سربراہ کانفرنس میں بدھ کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور نو منتخب فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے درمیان مالیاتی بحران کی شدت کم کرنے کے لیے یورو بانڈز جاری کرنے کی تجاویز پر اختلافِ رائے بھی دیکھنے میں آیا۔ اولانڈ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے رہنماؤں کو بانڈز سمیت اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافے کے تمام تر امکانات پر غور کرنا چاہیے۔ اس کے برعکس چانسلر میرکل کا مؤقف یہ ہے کہ یہ بانڈز یورپی یونین کے معاہدوں کی خلاف ورزی ہیں اور معاشی نمو کے لیے مدد گار ثابت نہیں ہوں گے۔

اپنے پیش رو نکولا سارکوزی کے برخلاف سوشلسٹ اولانڈ مالیاتی بحران کے تدارک کے لیے بچتی منصوبوں کے بجائے ترقی کی شرح میں اضافے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اسی بنا پر حالیہ صدارتی انتخابات میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ادھر یونان کے حوالے سے یورپی یونین کی سربراہ کانفرنس میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کے باعث ڈالر کے مقابلے میں مشترکہ یورپی کرنسی یورو کی قدر و قیمت میں جولائی سن 2010ء کے بعد سے سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ۔ جون 2010ء میں یونان کے قرضوں کے بحران کی اصل ماہیت سامنے آنے کے فوراً بعد یورو کی قدر و قیمت ایک اعشاریہ دو دو ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ بدھ کو نیویارک میں کاروبار کے اختتام پر ایک یورو کی قدر و قیمت ایک اعشاریہ دو پانچ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

(ss/aa (Reuters, AFP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید