1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ایٹ سمٹ کی توجہ یورپی اقتصادی بحران پر

19 مئی 2012

دنیا کے آٹھ بڑے صنعتی ملکوں کی امریکا میں جاری سربراہی کانفرنس میں آج ہفتے کے روز یورپ کا اقتصادی بحران شرکاء کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/14yim
تصویر: dapd

امریکی ریاست میری لینڈ میں کیمپ ڈیوڈ کے مقام پر ہونے والی آٹھ کے گروپ کی اس سربراہی کانفرنس کے حوالے سے امریکی صدر باراک اوباما نے نئے فرانسیسی صدر کی سوچ کی حمایت کر دی تھی۔ نئے فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کا مؤقف ہے کہ یورپ کو اس کے موجودہ اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کے ذریعے اقتصادی پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا سکے۔

فرانسوا اولاند کے ایسے مطالبات کی صدر اوباما کی طرف سے حمایت کے بعد جی ایٹ کے کئی دیگر رہنماؤں میں بھی یہ سوچ نظر آنے لگی ہے کہ بحران سے نکلنے کا راستہ اقتصادی کارکردگی میں اضافے کا راستہ ہے۔ تاہم یورپی یونین میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اس بات کی حامی ہیں کہ یورو زون کو مالیاتی بحران سے نکالنے کے لیے بچتی منصوبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

Camp David Landsitz Präsident USA ARCHIVBILD
تصویر: AP

اس کے برعکس امریکی صدر اوباما کو خدشہ ہے کہ اگر یورپی اقتصادی بحران مزید شدید ہو گیا تو اس کے امریکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس طرح باراک اوباما کی اسی سال اپنے دوبارہ انتخاب کی کوششیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس پس منظر میں امریکی صدر نے کیمپ ڈیوڈ کے مقام پر آٹھ کے گروپ کے رہنماؤں کی کانفرنس سے پہلے زور دے کر کہا تھا کہ یورپ کے اقتصادی حالات امریکا کے لیے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔

صدر اوباما کے بقول عالمی معیشت کو صحیح راستے پر گامزن رکھنے کے لیے جی ایٹ کی ایسی ذمہ دارانہ سوچ کی ضرورت ہے جو دو پہلوؤں سے کامیاب ہو سکے۔ امریکی صدر کے مطابق ایسی سوچ کے تحت مالیاتی استحکام اور اقتصادی کارکردگی میں اضافے کو مشترکہ طور پر یقینی بنانا ہو گا۔

Flash-Galerie G8-Gipfel
تصویر: AP

کیمپ ڈیوڈ کے مقام پر امریکی صدر کی دیہی آرام گاہ کی ستر سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ وہاں دنیا کے آٹھ اہم ترین رہنماؤں کی سربراہی کانفرنس ہو رہی ہے۔ کیمپ ڈیوڈ سمٹ میں عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ یورو زون کے مالیاتی بحران پر گفتگو کرتے ہوئے یونان کے قرضوں کے بحران پر بھی بحث کی جا رہی ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کانفرنس میں شریک رہنماؤں کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ ڈیوڈ سمٹ میں کسی نئے اور بڑے پروگرام کی منظوری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کیمپ ڈیوڈ ہی میں جمعے کی رات ایک عشائیے کے موقع پر یورپی کمیشن کے صدر باروسو نے کہا تھا کہ یورپ اور جی ایٹ کے رہنماؤں کو مجموعی طور پر مالیاتی استحکام کو یقینی بناتے ہوئے نئی سرمایہ کاری اور اصلاحات کی حمایت بھی کرنا ہو گی۔

کیمپ ڈیوڈ کانفرنس کا آج دوسرا اور آخری دن ہے جس کے اختتام پر امریکی صدر باراک اوباما کانفرنس کے میزبان رہنما کے طور پر اپنا اختتامی بیان دیں گے۔ کل جمعے کو جی ایٹ کانفرنس کے پہلے دن شرکاء کی زیادہ تر توجہ شام میں مسلسل خونریزی اور ایران کے متنازعہ ایٹمی پروگرام پر مرکوز رہی تھی۔

ij / mm / afp