یونانی سیاسی بحران: یورو مشکلات میں
18 مئی 2012جمعرات کے روز یونان میں نئے انتخابات تک ایک عبوری حکومت کی تشکیل کا عمل مکمل ہو گیا تو دوسری جانب یورپی مالی منڈیوں میں مندی کے ساتھ ساتھ یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں بھی کمی دیکھی گئی۔ اس کے علاوہ اسپین کے دوبارہ کساد بازاری کی لپیٹ میں آنے کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ لندن میں قائم VTB Capital ادارے سے منسلک ماہر اقتصادیات نیل میک کنن (Neil MacKinnon) کے مطابق مالی منڈیاں تذبذب کا شکار ہیں، بینکوں سے یورو نکلوائے جا رہے ہیں اور یہ بینکوں کے لیے ایک بحرانی کیفیت ہے۔ یونان کے علاوہ اسپین میں بھی بینکوں سے یورو نکلوانے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
یونان میں چھ ہفتوں کے اندر اندر دوسری مرتبہ پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ سترہ جون کے الیکشن میں اس وقت بائیں بازو کی تیرہ چھوٹی بڑی شدت پسند سیاسی جماعتوں کے اتحاد سیریزا (Syriza) کی کامیابی کے یقینی امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ چھ مئی کے انتخابات کے نتائج کے بعد سیریزا کی قیادت نے جو مؤقف اپنایا، وہ اس کی مقبولیت کا سبب بن گیا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق سیریزا کو اگلے الیکشن میں پچیس فیصد کے قریب عوامی ووٹ حاصل ہو سکتے ہیں۔ بیل آؤٹ پیکج کی حامی نیو ڈیموکریسی اور سوشلسٹ پاسوک پارٹی کو اکیس فیصد کے قریب ووٹ ملنے کی توقع ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ یونان کے لیے مزید رقم کی ترسیل اس وقت نہیں ہو گی جب تک مالی اصلاحات اور بچتی پالیسیوں کے معاملات میں مزید پیش رفت ظاہر نہیں ہوتی۔ اس دوران یورپی مرکزی بینک (ECB) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے یونانی بینکوں کے ساتھ لین دین بند کردیا ہے۔ یورپی مرکزی بینک نے دیگر بینکوں کو بھی یونان کی معاونت پر کنٹرول کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
یونانی مالی صورت حال کے تناظر میں یورپی لیڈروں میں فکر کی لہر دوڑ چکی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے یورو زون کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ اس کرنسی کو بچانے اور اس کے استحکام کے لیے مثبت اقدامات کی جانب قدم بڑھائیں۔ اس دوران قرضوں کے بحران کی زد میں آئے ہوئے ایک اور ملک اسپین کے شماریات کے قومی ادارے کے اعلان کے مطابق اسپین باقاعدہ طور پر اس وقت کساد بازاری کا شکار ہو چکا ہے۔ اس وقت اسپین کی اقتصادیات سکڑنے کے عمل میں ہے۔ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی سے لے کر رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہسپانوی اقتصادیات کے سکڑنے کا عمل رکا نہیں ہے۔ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے سولہ ہسپانوی بینکوں کی ریٹنگ کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپ کی تیسری بڑی اقتصادیات کا حامل ملک اٹلی بھی کساد بازاری کا شکار ہو چکا ہے۔ فرانس کساد بازای کی دہلیز پر کھڑا ہے۔
یونانی سیاسی اور مالی بحران کی وجہ سے جمعرات کے روز یورو زون کی کرنسی یورو کی قدرگزشتہ چار مہینوں میں سب سے نچلی سطح پر تھی۔ یورو مسلسل عدم استحکام کا شکار ہے۔ گزشتہ روز میڈرڈ میں قائم ہسپانوی اسٹاک مارکیٹ اور اطالوی شہر میلان کے بازار حصص میں شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔
ah/hk (AFP)