1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی صدر اولانڈ کا دورہء اٹلی

14 جون 2012

فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ یورپ کو درپیش اقتصادی بحران کے پیش نظر اطالوی وزیر اعظم سے ملاقات کی غرض سے اٹلی کا دورہ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15ENs
تصویر: Reuters

فرانسیسی صدر اٹلی کا دورہ ایک ایسے وقت کر رہے ہیں جب اٹلی کے بارے میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وہ دیوالیہ پن کا شکار ہو کر بیل آؤٹ پیکج کے حصول کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری جانب اسپین اور یونان کی صورت حال بھی تشویش ناک ہے۔ اسپین کو بھی یورپی معاشی امداد کی ضرورت ہے اور یونان میں اگلے ہفتے ہونے والے انتخابات کی صورت میں بچتی منصوبے کے مخالفین کے اکثریت حاصل کرنے کا مطلب یونان کا یورو زون سے باہر ہو جانا بھی ہو سکتا ہے۔

جمعرات کو اولانڈ اور اطالوی وزیر اعظم ماریو مونٹی کے درمیان ملاقات میں یورپ کو درپیش معاشی بحران ہی مرکزی موضوع رہے گا۔ اس ملاقات میں بائیس جون کو اٹلی، فرانس، جرمنی اور اسپین کے درمیان ہونے والا اجلاس، اور اٹھائیس اور انتیس جون کر برسلز میں یورپی رہنماؤں کا اجلاس بھی زیر بحث ہوگا۔

Brüssel Krisentreffen EU-Sondergipfel Griechenland
جرمنی کی پوری کوشش ہے کہ یونان، اسپین اور اٹلی جیسے ممالک، جو اقتصادی بحران کا شکار ہیں، کو یورو زون کے اندر رکھا جائےتصویر: Reuters

سفارتی ذرائع کے مطابق اولانڈ کا دورہ اس بات کا اشارہ ہے کہ پیرس سابق یورپی کمشنر مونٹی کے تجربے کا فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور معاشی بحران کے حل کے حوالے سے دائرہ کار کو جرمنی اور فرانس کے کردار سے بڑھا کر وسیع تر کرنے کا خواہش مند ہے۔

خیال رہے کہ یورو زون کو درپیش بحران کے حوالے سے جرمنی اور فرانس کے درمیان اختلافات وسیع تر ہو رہے ہیں۔ فرانسیسی صدر اولانڈ نے صدر بننے سے قبل اپنی انتخابی مہم میں اس بحران سے نکلنے کے لیے بچتی منصوبوں کی مخالفت اور شرح ترقی میں اضافے کی وکالت کی تھی جب کہ جرمن چانسلر میرکل بچتی منصوبوں کے حق میں ہیں۔ جرمن وزیر خزانہ وولفگانگ شوئبلے کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ فرانس اور اٹلی کے درمیان نئی شراکت داری وزیر اعظم مونٹی کو ایک مصالحتی کردار دلوائے گی۔

دوسری جانب جرمنی کی اپوزیشن جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے بدھ کے روز پیرس کا دورہ کر کے وہاں حکمران سوشلسٹ جماعت کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ مبصرین کے مطابق یہ ملاقاتیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور ان کی قدامت پسند جماعت سی ڈی یو کے لیے تشویش کا باعث ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ کسی بھی طرح کے معاشی منصوبے کی منظوری کے لیے چانسلر میرکل کو سوشل ڈیموکریٹس کی حمایت درکار ہے۔ جرمنی کی پوری کوشش ہے کہ یونان، اسپین اور اٹلی جیسے ممالک، جو اقتصادی بحران کا شکار ہیں، کو یورو زون کے اندر رکھا جائے۔

(shs/km (AFP, Reuters

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید