1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرلینڈ: یورپی یونین کے مالیاتی معاہدے کی منظوری

2 جون 2012

آئرلینڈ میں ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق آئرلینڈ کے عوام کی اکثریت نے یورپی یونین کے بجٹ سے متعلق معاہدے کی حمایت میں ووٹ دیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/156lb
تصویر: AP

جمعےکے روز آنے والے نتائج کے مطابق ریفرنڈم میں حصہ لینے والے افراد میں سے ساٹھ فیصد نے یورپی یونین کے فِسکل پیکٹ کی حمایت میں ووٹ دیے ہیں۔ آئرش وزیر اعظم اینڈا کینی کے مطابق ریفرنڈم کا یہ نتیجہ ’’دنیا کو ایک طاقتور پیغام‘‘ کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کا یہ اقتصادی منصوبہ یورو زون کے معاشی بحران پر قابو پانے کی غرض سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی رُو سے وہ ممالک جو اپنے بجٹی خسارے پر قابو نہیں پائیں گے ان کو یورپی یونین کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Irland Referendum zum EU-Fiskalpakt
آئرش وزیر اعظم اینڈا کینی کے مطابق ریفرنڈم کا یہ نتیجہ ’’دنیا کو ایک طاقتور پیغام‘‘ کے مترادف ہےتصویر: AP

ریفرنڈم کا یہ نتیجہ کینی کی حکومت کے لیے اطمینان کا باعث بنا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صرف وہ ممالک جو اس معاہدے کی تصدیق کریں گے وہی یورپی یونین کے مستقل بیل آؤٹ فنڈ کو حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

نتائج سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم کینی کا کہنا تھا، ’’آئرش عوام نے دنیا کو ایک طاقتور پیغام دیا ہے کہ آئرلینڈ اپنے اقتصادی مسائل پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ ہے۔ ریفرنڈم کا واضح نتیجہ یہ ہے کہ آئرش عوام ایسی یقینی صورت اور استحکام چاہتے ہیں جو کہ آئرلینڈ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو درکار ہے۔‘‘

آئرلینڈ کے ریفرنڈم کے نتائج سے یورپی یونین نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے کیونکہ پیکٹ کی مخالفت میں ووٹ کی صورت میں یورپ میں ’بچتی منصوبوں‘ کے خلاف جاری تحریک کو مزید ہوا ملتی۔

خیال رہے کہ آئرلینڈ یورپ کا واحد ملک ہے جس نے اس حوالے سے قومی ریفرنڈم کا انعقاد کیا تھا۔ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک، سوائے برطانیہ اور چیک ریپبلک کے، سب اس معاہدے کی منظوری دے چکے ہیں۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور یورپی یونین کے صدر ہیرمن فان رومپوئے نے آئرلینڈ کے ریفرنڈم کے نتائج پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ رومپوئے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے: ’’یہ نتیجہ اقتصادی ترقی اور استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔‘‘ جرمن چانسلر میرکل نے اسے آئرلینڈ اور یورپ کے لیے ’’خوش خبری‘‘ قرار دیا ہے۔

فرانس کے نو منتخب سوشلسٹ صدر فرانسوا اولانڈ نے اس نتیجے کو آئرلینڈ کے عوام کا ’’خود مختار اور جمہوری فیصلہ‘‘ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اولانڈ نے حالیہ صدارتی انتخابات میں یورپی بچتی منصوبے کی مخالفت کی تھی۔

(shs/ai (AFP, Reuters

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید