یورو زون کو بچانے کے لیے ذمہ دارانہ مالیاتی پالیسیاں ضروری، اولی ریہن
31 مئی 2012آج جمعرات کے دن برسلز میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اولی ریہن نے کہا: ’ہمیں استحکام کی ایک حقیقی ثقافت اور مشترکہ مسئلے سے نمٹنے کی زیادہ بہتر صلاحیت کی ضرورت ہے۔ اگر ہم یورو زون کے حصے بخرے ہونے سے بچنا چاہتے ہیں اور اس کی بجائے یورو کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں تو اس کا یہی طریقہ ہے۔‘
تاہم اولی ریہن نے یورو زون کی تمام رکن ریاستوں کی طرف سے مشترکہ یورو بانڈز جاری کرنے کے تصور پر تبادلہ خیال کے بارے میں خبردار کیا اور اسے ایک ’غلط بحث‘ قرار دیا۔
انہوں نے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ پہلے اپنی بجٹ پالیسیوں کو مالیاتی یونین کے مطابق اور اس کے قریب تر لانے کے اقدامات اٹھائیں۔ ’ہم مالیاتی استحکام کے بغیر عوامی قرضے کو مشترکہ طور پر جاری کرنے کے ذریعے اپنے مسائل پر قابو نہیں پا سکیں گے اور ہم تب تک یورو زون میں استحکامی ثقافت کو فروغ نہیں دے سکتے جب تک کہ ہم اس بوجھ کی شراکت نہیں کر لیتے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ان مقاصد کو زبردستی حاصل کرنا بلاشبہ ایک غلط بحث ہے۔‘
فرانس کے صدر فرانسوا اولانڈ نے مشترکہ یورو بانڈز کی حمایت کی ہے مگر جرمنی ان کا مخالف ہے۔ جرمنی کا کہنا ہے کہ اُن پر صرف اس وقت غور کیا جا سکتا ہے جب مالیاتی اور اقتصادی انضمام گہرا ہو جائے۔
دوسری جانب جمعرات کو ایشیائی منڈیوں میں یورو کرنسی دو سال کے دوران اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی اور تشویش میں مبتلا تاجروں نے یین اور ڈالر سمیت محفوظ عالمی کرنسیوں کو خریدنا شروع کر دیا۔
اے ایف پی کے مطابق یورپ کی نازک اقتصادی صورت حال سے منڈیوں میں اضطراب پایا جاتا ہے۔
اس وقت تمام نگاہیں اسپین پر لگی ہوئی ہیں جو مالیاتی دھچکے کے خدشات پر قابو پانے اور ایک بڑے بینک کو بچانے کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کے لیے سرگرداں ہے۔
(hk/ia (afp