1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق کا موجودہ انتشار اور امریکی ذمہ داری

بینجمن نائٹ ⁄ عابد حسین7 جنوری 2014

بعض امریکی سیاستدانوں نے عراق میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور انبار صوبے کے بحران کو امریکی فوجی انخلا کے ساتھ نتھی کیا ہے کیونکہ یہ ایک نامناسب اور غلط فیصلہ تھا۔ اِس حوالے سے امریکی صدر اوباما کی حکومت پر نکتہ چینی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/1AmFW
تصویر: picture-alliance/AP Photo

عراق کا صوبہ انبار اُس دور میں بھی انتہائی انتشار اور افراتفری سے عبارت تھا جب امریکی فوجیں عراق میں موجود تھیں۔ عراق میں پانچ ہزار کے قریب مرنے والے امریکی فوجیوں میں سے ایک تہائی کی ہلاکت فلوجہ میں ہوئی تھی۔ اِس میں سن 2004 میں ہونے والی فلوجہ کی جنگ بہت اہم خیال کی جاتی ہے۔ مشہور امریکی پالیسی ساز تھنک ٹینک سینٹر برائے اسٹرٹیجیک اور انٹرنیشنل اسٹڈیز کے مشیر انتھونی کورڈزمین نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلوجہ شہر کو امریکی فوج میں کسی استعارے کے طور پر نہیں لیا جا رہا بلکہ امریکی پالیسی کے تناظر میں فلوجہ کے حوالے سے تشویش القاعدہ کے اثر و رسوخ کا فروغ ہے۔

Irak Gewalt Ramadi Falluja Islamisten Militanten Al Qaida Al Kaida
عراقی فوج نے فلوجہ اور رمادی میں بھرپور کارروائی کو پلان کیا ہےتصویر: Reuters

عراق کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں یروشلم میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران واضح کیا تھا کہ اوباما انتظامیہ قطعاً عراق میں نوری المالکی حکومت کی مدد کے لیے امریکی فوجوں کو بھیجنے پر غور نہیں کر رہی۔ کیری نے صاف صاف کہا کہ یہ اُن کی اپنی جنگ ہے اور امریکی اِس میں شامل نہیں ہوں گے۔ امریکا کے اندر عراقی صورت حال کی مناسبت سے صدر اوباما کو تنقید کا سامنا ہے۔

عراقی صوبے انبار میں پیدا بحران کے تناظر میں ری پبلکن پارٹی کے اہم سینیٹروں لنزی گرام اور جان میک کین کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے اور اُس میں کہا گیا کہ جہاں عراق موجودہ بحران کے ذمہ دار ہیں، وہیں اوباما انتظامیہ کو بھی اِس صورت حال کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے کیونکہ جب اوباما نے فوجوں کے انخلا کا فیصلہ کیا تھا تو اُس وقت فوجوں کے کمانڈروں اور دوسرے سیاستدانوں کی رائے کو نظر انداز کیا گیا تھا اور تبھی یہ محسوس ہونے لگا تھا کہ امریکی فوج کے مکمل انخلا سے عراق میں جو انتظامی خلا پیدا ہو گا وہ کسی بڑے بحران کا پیش خیمہ بن سکتا ہے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اب وہ احساس اور اعتراض درست ثابت ہو گیا ہے۔

Irak Soldaten Checkpoint 06.01.2014
فلوجہ شہر کو فوج اور حکومت کے حامی سنی مسلح افراد نے گھیرے میں لے رکھا ہےتصویر: Ali Al-Saadi/AFP/Getty Images

یہ امر اہم ہے کہ سینیٹر لنزی گرام اور سینیٹر جان میک کین اپنا بیان جاری کرتے ہوئے اِس امر کو نظر انداز کر گئے کہ اوباما انتظامیہ عراق میں ایک لمبے عرصے کے لیے فوجی رکھنا چاہتی تھی لیکن فوجوں کا انخلا عراق میں قائم حکومت کی جانب سے امریکی فوجیوں کو کسی آپریشن میں شرکت کے بعد قانونی یا فوجداری استثنیٰ دینا تھا۔ عراقی حکومت کے اِس انکار کے بعد ہی امریکی فوج کے مکمل انخلا کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اِس مناسبت سے کونسل برائے خارجہ تعلقات سے منسلک دفاعی تجزیہ کار اسٹیفن بائیڈل کا کہنا ہے کہ امریکا عراق میں اپنی موجودگی کا خواہشمند تھا اور اوباما انتظامیہ بھی اسی انداز میں سوچ رہی تھی اور بغداد حکومت کے ساتھ بات چیت میں مکمل فوجی انخلا اُن کا مقصد نہیں تھا۔

امریکی تجزیہ کاروں کے مطابق عراق میں سن 2008 کے بعد امریکی فوج کا کردار امن دستوں کی مانند تھا۔ اور یہ ایک طرح سے فرقہ واریت کے آتش فشاں پر رکھے ڈھکن کی طرح تھا۔ اسٹیفن بائیڈل کا خیال ہے کہ جب امریکی فوج کے انخلا سے عراق میں استحکام کا توازن رکھنے کا عنصر بھی غائب ہو گیا اور نتیجتاً فرقہ وارانہ کشیدگی نے بڑھنا شروع کر دیا۔ امریکی تجزیہ کار موجودہ کشیدگی کا سبب سن 2010 کے انتخابات کے بعد نوری المالکی کا سنی اتحاد العراقیہ کو اقتدار میں شریک کرنے سے باہر رکھنا خیال کرتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید