تازہ اسرائیلی حملوں میں حماس کے تین سینئر کمانڈر ہلاک
21 اگست 2014اسرائیلی فضائیہ نے آج جمعرات 21 اگست کو غزہ پٹی پر جنگی طیاروں سے جو میزائل حملے کیے، ان میں جنوبی شہر رفح میں ایک چار منزلہ عمارت پر طلوع آفتاب سے پہلے کیا جانے والا ایک حملہ بھی شامل تھا۔ فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ حملے میں یہ عمارت پوری طرح تباہ ہو گئی اور کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک شدگان میں حماس کے عسکری بازو عزالدین القسام بریگیڈ کے تین سینئر کمانڈر بھی شامل ہیں۔
قسام بریگیڈ کے مطابق اس میزائل حملے میں اس کے جو کمانڈر ہلاک ہوئے، ان کے نام محمد ابو شاملہ، راعد العطار اور محمد برہوم ہیں۔ رفح میں یہ حملہ غزہ سٹی میں کیے گئے اس اسرائیلی فضائی حملے کے محض 36 گھنٹے بعد کیا گیا، جس میں حماس کے اس عسکری بازو کے اعلیٰ ترین کمانڈر محمد ضیف کی اہلیہ اور بچہ ہلاک ہو گئے تھے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ اسرائیلی طیاروں سے آج صبح جو حملے کیے گئے، ان میں سے دو میں بیت لاھیہ اور غزہ سٹی کی سڑکوں پر عام شہریوں کے ہجوم نشانہ بنائے گئے۔ ان حملوں میں اشرف القدرہ کے مطابق سات فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ میں ہنگامی خدمات کے فلسطینی محکمے کے مطابق موجودہ خونریز تنازعے کے 45 ویں روز آج دوپہر تک مزید کم از کم 15 فلسطینی ہلاکتوں کے بعد گزشتہ چھ ہفتوں سے بھی زائد عرصے سے جاری جنگ میں اب تک مارے جانے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 2065 ہو گئی ہے۔
اس جنگ میں اب تک 67 اسرائیلی بھی مارے جا چکے ہیں، جو قریب سارے کے سارے فوجی تھے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ڈیڑھ مہینے کے دوران غزہ میں جتنے بھی فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے تین چوتھائی عام شہری تھے۔
رفح سے ملنے والی دیگر رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ایک ہی میزائل حملے میں القسام بریگیڈ کے تین سینئر کمانڈروں کی ہلاکت حماس کے لیے عسکری حوالے بہت بڑا دھچکا ہے۔ ان رہنماؤں کی ہلاکت کے بعد القسام بریگیڈ کے ترجمان سمیع ابو زہری نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہلاکتیں دیگر فلسطینی ہلاکتوں کی طرح ’اسرائیلی جرائم‘ کا حصہ ہیں، جن کے باوجود ’فلسطینی نہ تو کمزور ہوں گے اور نہ ہی ان کی مزاحمت کم ہو گی‘۔ ترجمان کے بقول اسرائیل کو ان ہلاکتوں کی ’قیمت چکانا ہو گی‘۔
طبی ذرائع کے مطابق آج جمعرات کو غزہ سٹی کے شمال میں ایک قبرستان پر کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں بھی چار فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اے ایف پی نے لکھا ہے کہ ہلاک شدگان ایک جنازے میں شریک تھے کہ فضائی حملے کا نشانہ بنے۔