1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ بحران: مزید 23 فلسطینی ہلاک

عابد حسین21 اگست 2014

فائر بندی مذاکرات میں ناکامی کے بعد اسرائیل کی جانب راکٹوں کے داغے جانے اور اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کے طبیّ حلقوں کے مطابق بدھ کے روز کیے گئے اسرائیلی حملوں میں مزید 23 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CySi
Raketenangriff auf Gaza Israel 20.08.2014
تصویر: Reuters

اِن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔ اب فلسطینی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اکیس سو کے قریب پہنچنے والی ہے۔ اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے ملٹری ونگ کے سربراہ محمد ضیف کی اہلیہ اور ان کا سات ماہ کا نوزائیدہ بچہ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔ محمد ضیف عزالدین القاسم بریگیڈ کے سربراہ ہیں۔ ضیف کی اہلیہ اور بیٹے کی ہلاکت کی تصدیق عزالدین القاسم بریگیڈ نے کر دی ہے۔ حماس کے حکام کے مطابق جس گھر کو اسرائیلی فضائیہ نے ٹارگٹ کیا، اب اُسے محمد ضیف استعمال نہیں کرتے تھے، وہاں صرف ان کے اہلِ خانہ مقیم تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی علاقوں پر حماس کے راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل اور بدھ کے دنوں پر 180 راکٹ فائر کیے گئے۔ انہیں ایام میں اسرائیل کی فضائیہ نے غزہ پر 100 حملے کیے۔ اسرائیلی وزیر دفاع موشے یالون کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یالون کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام آپشن کھلے رکھے گئے ہیں اور فوجی کارروائی حالات کے مطابق جاری رہے گی۔ حماس کی جانب سے راکٹوں کے ذریعے جنوبی اسرائیل کو نشانہ بنایا گیا لیکن دفاعی میزائل نظام آئرن ڈوم نے کئی راکٹوں کو ناکارہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسرائیل میں کسی جانی نقصان کا نہیں بتایا گیا۔ کچھ راکٹ یروشلم کی جانب بھی داغے گئے۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے حماس کے ملٹری ونگ کے لیڈر محمد ضیف پر ایک اور ناکام حملے کے تناظر میں کہا کہ کوئی بھی عسکریت پسند اسرائیلی کارروائی سے استثناء نہیں رکھتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غزہ کی فوجی کارروائی مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔ نیتن یاہو کے مطابق یہ ایک مسلسل فوجی کارروائی ہے اور اُس وقت تک جاری رہ سکتی ہے جب تک امن اور سلامتی کے مقاصد حاصل نہیں کر لیے جاتے۔

اس دوران اسرائیل اور حماس کے درمیان فائربندی کے لیے ثالثی کرنے والے ملک مصر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے ادارے سکیورٹی کونسل نے بدھ کے روز غزہ میں جاری جنگی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سلامتی کونسل نے اسرائیل اور فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کے لیے معطل مذاکراتی عمل دوبارہ سے شروع کریں۔ سلامتی کونسل کے رواں مہینے کے صدر ملک برطانیہ کے سفیر لائل گرانٹ نے یہ بیان جاری کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید