1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ پھر کامیابی کی پٹری پر

30 جنوری 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 20 ویں میچ ڈے میں ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں ڈورٹمنڈ نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول کے واضح فرق سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/107Hx
تصویر: dapd

گزشتہ ہفتے شٹٹ گارٹ کے ساتھ میچ برابر کرنے والی لیگ کی یہ ٹاپ ٹیم اس وقت بھی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں واضح فرق سے لیگ پوائنٹس ٹیبل پر سبقت لئے ہوئے ہے۔ اس فتح کے ساتھ اب ڈورٹمنڈ کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد 50 ہوگئی ہے۔ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اب تک کھیلے گئے 20 میچوں میں ڈورٹمنڈ کی یہ 16ویں فتح تھی۔ اس طرح اس وقت لیگ میں ڈورٹمنڈ کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن کے مقابلے میں11پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ لیورکوزن نے جمعے کے روز ہینوور کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر لیگ میں دوسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا تھا۔

Fussball Bundesliga Saison 10/11 20. Spieltag Vfl Wolfsburg Borussia Dortmund
Lucas Barrios گول کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپئن بائرن میونخ نے بریمن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر لیگ میں اپنی پوزیشن کو قدرے مضبوط کیا ہے۔ اس فتح کے ساتھ اب بائرن میونخ کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 36 ہوگئی ہے۔ بریمن کی ٹیم نے گزشتہ گیارہ میچوں میں سے صرف دو جیتے ہیں اور لیگ میں اس کی پوزیشن انتہائی کمزور ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں مائنز نےکائزرزلاؤٹرن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ مائنز کی ٹیم کے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 36 ہوگئی ہے اور لیگ میں وہ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

گزشتہ روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں نیورمبرگ نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس کے علاوہ سینٹ پاؤلی نے کولون کو تین صفر سے ہرا دیا۔ شالکے اور ہوفن ہائم کے درمیان کھیلا گیا میچ شالکے کی شکست پر ختم ہوا۔ اس میچ میں ہوفن ہائم نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔

رواں میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں ایک شٹٹ گارٹ اور فرائی برگ کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرے میں فرینکفرٹ اور میونشن گلاڈباخ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں