بنڈس لیگا : ڈورٹمنڈ شٹٹ گارٹ کو نہ پچھاڑ سکی
23 جنوری 2011اس وقت ڈورٹمنڈ کے 47 پوائنٹس ہیں اور اسے دوسرے نمبر کی ٹیم ہینوور کے مقابلے میں اب بھی 13 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
ڈورٹمنڈ کی طرف سے کھیل کے پہلے ہاف میں ایک گول کی برتری حاصل کی گئی تاہم شٹٹ گارٹ کے Pavel Pogrebnyak نے یہ برتری کھیل کے اختتام سے صرف پانچ منٹ قبل ختم کر دی اور اس کے بعد ڈورٹمنڈ کی ٹیم دوبارہ برتری حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
19 میچ کھیلنے والی ڈورٹمنڈ کی ٹیم کی لیگ میں دوسرے نمبر کی ٹیم سے 13 پوائنٹس کا فرق، اب لیورکوزن اور میونشن گلاڈباخ کی ٹیموں کے درمیان آج اتوار کے روز کھیلے جانے والے میچ پر منحصر ہے۔ لیورکوزن کی ٹیم یہ میچ جیت گئی، تو ڈورٹمنڈ کی یہ برتری 11 پوائنٹس رہ جائے گی۔
اس وقت لیگ میں دوسرے نمبر پر ہینوور کی ٹیم ہے، جس کے 34 پوائنٹس ہیں۔ لیورکوزن کی ٹیم کے 33 پوائنٹس ہیں تاہم اسے اس میچ ڈے کا اپنا میچ ابھی کھیلنا ہے۔
بنڈس لیگا کے اس میچ ڈے کی ایک اور خاص بات دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم کا شاندار کھیل تھا۔ بائرن میونخ کائزرزلاؤٹرن کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر اپنے پوائنٹس کی مجموعی تعداد 33 کرتے ہوئے لیگ میں تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ بائرن میونخ کی طرف سے ماریو گومیز نے ہیٹرک کی۔ گومیز کی طرف سے کھیل کے 47 ویں، 80 ویں اور 85 ویں منٹ میں گول کیے گئے۔
ہفتے کو کھیلے گئے دیگر میچوں میں کولون نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ مائنز کو وولفس برگ نے ایک صفر سے شکست دے دی جبکہ ہینوور کو شالکے کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فرائی برگ اور نیورمبرگ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک سے برابر رہا۔
اتوار کو دو میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ لیورکوزن کا میچ میونشن گلاڈباخ سے جبکہ ہوفن ہائم کا میچ سینٹ پاؤلی کی ٹیم سے ہو رہا ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : ندیم گِل