1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا سترہواں میچ ڈے مکمل، ڈورٹمنڈ بدستور پہلے نمبر پر

20 دسمبر 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے سترہویں میچ ڈے کے آخری دن کھیلے گئے دو میچوں میں سے ایک میں بائرن میونخ نے اشٹٹ گارٹ کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا جبکہ بائر لیورکوزن اور فرائی برگ کا میچ دو دوگول سے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/Qg5r
تصویر: AP

بنڈس لیگا کے سترہویں میچ ڈے کے آخری دن یعنی اتوار کو بائرن میونخ اپنی بھرپور فارم میں نظر آیا۔ اس نے یہ میچ اپنے مد مقابل اشٹٹ گارٹ کے کلب کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔ جس کے نتیجے میں بائرن میونخ 29 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

اتوار کے دن کھیلے گئے دوسرے میچ میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میونخ کے سٹرائیکرز کے عمدہ کھیل کے آگے بے بس نظر آئی۔ جرمن قومی ٹیم کے سٹار سٹرائیکر ماریو گومز نے اس میچ میں ’ہیٹ ٹرک‘ کی۔ رواں سیزن میں گومز کی یہ دوسری ’ہیٹ ٹرک‘ رہی۔ میونخ کے کلب کی طرف سے کئے گئے تمام پانچ گول اشٹٹ گارٹ کلب کی دفاع میں غلطیوں کی وجہ سے ہوئے۔

Mario Gomez Stürmer Bayern München
ماریو گومز نے رواں سیزن میں دوسری مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہےتصویر: dapd

میچ کے بعد اشٹٹ گارٹ کے کوچ Bruno Labbadia نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسے اپنے طریقہ کار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کلب کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔ دفاعی چیمپیئن میونخ کی ٹیم اس جیت کے باوجود پہلے نمبر کی ٹیم بوروسیا ڈورٹمنڈ سے چودہ پوائنٹس پیچھے ہے۔

اتوار کے دن کھیلے گئے پہلے میچ میں بائر لیورکوزن نے اپنا میچ برابر کھیلا لیکن وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہے۔ اس کے 33 پوائنٹس ہیں۔ اگرچہ ایف سی وی مائنز کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں تاہم وہ بہتر گول اوسط کی وجہ سے دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ اس وقت بوروسیا ڈورٹمنڈ 43 پوائنٹس کے ساتھ بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں نمبر ایک پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید