بنڈس لیگا : ہیمبرگ نے فرینکفرٹ کو شکست دے دی
22 جنوری 2011کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پائی۔ دوسرے ہاف کے 20 ویں منٹ میں Anis Ben-Hatira کے پاس پر پیٹرک نے ہیمبرگ کی طرف سے بال فرینکفرٹ کے گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس فتح کے بعد ہیمبرگ کی ٹیم اب لیگ میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ ہیمبرگ نے اب تک کھیلے گئے اپنے 19 میچوں میں سے نو میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 30 پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔
لیگ میں اس وقت پانچواں نمبر دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کا ہے۔ بائرن میونخ نے اب تک 18 میچ کھیل کر 30 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ بائرن میونخ کی ٹیم اس میچ ڈے میں آج کائزرزلاؤٹرن کا سامنا کرے گی۔
بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پہلی پوزیشن ڈورٹمنڈ کی ہے۔ ڈورٹمنڈ نے 46 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور آج اس کا میچ شٹٹ گارٹ کی ٹیم سے ہو رہا ہے۔
لیگ میں دوسری پوزیشن 34 پوائنٹس کے ساتھ ہینوور کی ہے۔ آج ہینوور کا میچ شالکے کے ساتھ ہو رہا ہے۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیمیں مائنز اور لیورکوزن ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے 33 پوائنٹس ہیں۔ مائنز کی ٹیم آج وولفس برگ کے مدمقابل آ رہی ہے جبکہ اس میچ ڈے میں لیورکوزن کا میچ کل اتوار کے روز میونشن گلاڈباخ سے ہوگا۔
ہفتہ کو کھیلے جانے والے میچوں میں فرائی برگ کا میچ نیورمبرگ سے جبکہ کولون کا میچ بریمن سے ہو رہا ہے۔ اتوار کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے، جس میں لیورکوزن اور میونشن گلاڈباخ کے علاوہ ہوفن ہائم اور سینٹ پاؤلی کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : ندیم گِل