بنڈس لیگا: لیورکوزن دوسرے نمبر پر پہنچ گئی
24 جنوری 2011بنڈس لیگا کا 19واں میچ ڈے اتوار کو مکمل ہو گیا۔ بائر لیورکوزن کو پوائنٹس ٹیبل میں بہتر پوزیشن میونشن گلاڈباخ کے خلاف فتح سے حاصل ہوئی۔ لیورکوزن نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔
اس پیشرفت کے باوجود لیورکوزن ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ سے 11پوائنٹس پیچھے ہے۔ اتوار کو سینٹ پاؤلی اور ہوفن ہائم کے درمیان ہونے والا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔
ہفتہ کو ڈورٹمنڈ اور شٹٹ گارٹ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دیگر مقابلوں میں بائرن میونخ نے کائزرز لاؤٹرن کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی جبکہ کولون نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ مائنز کو وولفس برگ نے ایک صفر سے شکست دی جبکہ ہینوور کو شالکے کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فرائی برگ اور نیورمبرگ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک سے برابر رہا۔
اس میچ ڈے کے پہلے میچ میں ہیمبرگ نے فرینکفرٹ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر نمبر وَن کی پوزیشن ڈورٹمنڈ ہی کے پاس ہے، جسے فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس کے پوائنٹس 47 ہیں۔ دوسرے نمبر کی ٹیم 36 پوائنٹس کے ساتھ لیورکوزن ہے۔ تیسری پوزیشن ہینوور کے پاس ہے اور اس کے پوائنٹس 34 ہیں۔ چوتھی اور پانچویں پوزیشن 33 تینتیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب بائرن میونخ اور مائنز کو حاصل ہے۔ چھٹے اور ساتویں نمبر پر 30 تیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ہیمبرگ اور فرائی برگ ہیں۔ ہوفن ہائم اور فرینکفرٹ بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں اور انہیں 26 چھبیس پوائنٹس حاصل ہیں۔ دسواں نمبر 25 پوائنٹس کے ساتھ شالکے کو حاصل ہے۔
لیگ میں اس وقت سب سے نیچے یعنی اٹھارہویں نمبر پر میونش گلاڈباخ ہے اور اس کے پوائنٹس 13ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: شادی خان سیف