1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصری منصوبہ: اسرائیل کی ’ہاں‘، حماس کی ’نہ‘

امجد علی15 جولائی 2014

اسرائیل نے یکطرفہ طور پر مصر کی فائر بندی تجویز قبول کر لی ہے جبکہ حماس نے یہ منصوبہ رَد کر دیا ہے۔ غزہ کے مسلح گروپوں کے خلاف آٹھ روز سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں 192 فلسطینی ہلاک اور 1400 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CdVN
تصویر: Jack Guez/AFP/Getty Images

مصر اور عرب لیگ کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کو فوری طور پر ایک دوسرے کے خلاف جارحیت ختم کر دینی چاہیے۔ مزید یہ کہ فائر بندی کے بعد اڑتالیس گھنٹے کے اندر اندر دونوں فریقوں کے نمائندے قاہرہ پہنچ جائیں تاکہ بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے بالواسطہ مذاکرات کیے جا سکیں۔ واشنگٹن حکومت کی طرف سے اس تجویز کا فوری طور پر خیر مقدم کیا گیا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے کہا:’’میرے خیال میں کوئی بھی نہیں چاہتا کہ تنازعے میں مزید شدت پیدا ہو، اسرائیلی اور فلسطینی سب سے کم ایسا چاہیں گے۔ ہم تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کوشش کریں گے کہ پھر سے فائر بندی ہو جائے۔ مصر سے آنے والی پیشکش سے امید پیدا ہوئی ہے کہ اس میں کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔‘‘

ثالثی کوششوں کے لیے خطّے کے دورے پر گئے ہوئے جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے منگل کو تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کی
ثالثی کوششوں کے لیے خطّے کے دورے پر گئے ہوئے جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے منگل کو تل ابیب میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کیتصویر: Reuters

تاہم غزہ پٹی کو کنٹرول کرنے والی فلسطینی تنظیم حماس نے یہ کہتے ہوئے مصر کے فائر بندی منصوبے کو رَد کر دیا کہ یہ منصوبہ اُس کی مشاورت کے بغیر اور اُسے مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ حماس کے عسکری بازو قاسم بریگیڈ نے کہا ہے کہ اُس نے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہونے کے مجوزہ وقت کے بعد جنوبی اسرائیل پر دو مارٹر شیل فائر کیے ہیں۔ غزہ میں سرگرم تنظیم اسلامی جہاد کے ایک ترجمان نے کہا:’’ہمارے ساتھ کسی نے بات نہیں کی۔ ہمیں میڈیا سے ہی پتہ چلا ہے۔ ہم اس کوشش کا خیر مقدم کرتے ہیں اور قاہرہ کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘

دوسری طرف نامہ نگاروں اور عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات غزہ پر بیس سے زائد فضائی حملے کرنے والے اسرائیل نے فائر بندی کے مجوزہ وقت کے بعد آج سہ پہر غزہ پر ایک بار پھر کم از کم چار حملے کیے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے مصر کی سیز فائر تجویز پر مثبت رَد عمل ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے سے فائر بندی پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے غزہ میں پانچ سو سے زیادہ گھر تباہ ہو گئے ہیں
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے غزہ میں پانچ سو سے زیادہ گھر تباہ ہو گئے ہیںتصویر: Mohammed Abed/AFP/Getty Images

ثالثی کوششوں کے لیے خطّے کے دورے پر گئے ہوئے جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ایک ملاقات کے موقع پر نیتن یاہو نے آج کہا:’’ہم نے مصر کی درخواست منظور کر لی ہے تاکہ سیاسی ذرائع استعمال کرتے ہوئے غزہ پٹی کو غیر مسلح کیا جا سکے لیکن اگر حماس اس فائر بندی کو قبول نہیں کرتی، جیسا کہ نظر آ رہا ہے تو پھر اسرائیل اپنا فوجی آپریشن پھر سے شروع کرنے میں خود کو ہر طرح سے حق بجانب سمجھتا ہے۔‘‘

اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ شٹائن مائر نے اسرائیل کو جرمن تائید و حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا:’’غزہ کو حماس کا اسلحے کا ڈپو بننے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے کیونکہ یہ ہتھیار جہاں اسرائیل اور اُس کے شہریوں کے لیے خطرہ ہیں، وہیں غزہ کے شہری بھی شہری آبادی کے بیچوں بیچ موجود اسلحہ ڈپوؤں کی وجہ سے یرغمال بن کر رہ گئے ہیں۔‘‘

دریں اثناء اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور پانچ سو سے زیادہ گھر تباہ ہو گئے ہیں۔ مزید یہ کہ لاکھوں افراد کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی دوران ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے الزام عائد کیا ہے کہ غزہ پر بمباری کرتے ہوئے اسرائیل ’خطّے میں دہشت گردی‘ کا مرتکب ہوا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید