شہری ہلاکتوں کے باوجود اسرائیل اور غزہ سے سرحد پار حملے جاری
14 جولائی 2014غزہ پٹی کے علاقے میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے پیر کے روز بتایا کہ آج اسرائیلی عسکری کارروائیوِں کا ساتواں دن ہے اور اب تک 173 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ زخمیوں کی مجموعی تعداد بھی ایک ہزار تین سو کے قریب ہو چکی ہے۔
انسانی بنیادوں پر امدادی کاموں کے لیے رابطہ کاری کرنے والے اقوام متحدہ کے دفتر OCHA کے مطابق ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں سے 80 فیصد عام شہری ہیں۔ غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان القدرہ نے ہلاک شدگان کے ناموں کی جو فہرست خبر ایجنسی ڈی پی اے کو مہیا کی، اس کے مطابق تیس فیصد ہلاک شدگان غزہ کی عام خواتین اور بچے تھے۔
اسرائیل نے حال ہی میں غزہ کے چند حصوں کے شہریوں کو تنبیہ کی تھی کہ وہ اپنے رہائشی علاقے خالی کر دیں۔ اس پر حماس کی قیادت میں کام کرنے والی وزارت داخلہ نے مقامی فلسطینی آبادی سے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کی اس وارننگ پر دھیان نہ دیں۔
ڈی پی اے کے مطابق حماس کے اس مطالبے کے باوجود اب تک غزہ پٹی کے شمالی حصے سے کم از کم سترہ ہزار شہری اپنے گھروں کو خیرباد کہہ کر وہاں مختلف اسکولوں میں پناہ گزین ہو چکے ہیں۔ یہ اسکول فلسطینی مہاجرین کی مدد کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی چلاتی ہے۔
اسی دوران میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے آج پیر کے روز بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔ یہ ڈرون غزہ پٹی کے علاقے سے اڑا تھا اور اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس ڈرون طیارے کو جنوبی بندرگاہی شہر اشدود Ashdod کے ساحلی علاقے سے کچھ دور مار گرایا گیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ڈرون طیارہ کہاں کا بنا ہوا تھا۔ غزہ پر حکمران فلسطینی تنظیم حماس کے مسلح بازو قسام بریگیڈ کی طرف سے کہا جا چکا ہے کہ اس کے پاس ڈرون طیارے موجود ہیں اور وہ ماضی میں اسرائیل میں تین مختلف مشن مکمل بھی کر چکے ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کے سخت گیر ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو فائر بندی سے متعلق بین الاقوامی دباؤ کے سامنے جھکنے کی بجائے اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ خبر ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ ایک اکیس سالہ فلسطینی نوجوان اس وقت مارا گیا جب پیر کے دن اسرائیلی دستوں نے حماس سے تعلق رکھنے والے گیارہ ارکان پارلیمان سمیت 23 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
ادھر اسرائیلی ایئر فورس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارہ ایسے مبینہ فلسطینی عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جو اسرائیل پر راکٹ حملوں میں ملوث تھے۔ گزشتہ رات جنوبی لبنان میں فلسطینی عسکریت پسندوں کی طرف سے شمالی اسرائیل پر ایک مرتبہ پھر متعدد راکٹ فائر کیے گئے جس کے جواب میں اسرائیلی توپ خانے نے وہاں گولہ باری کی۔ بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس کو ان حملوں سے متعلق شکایت جمع کرا دی ہے۔