مانچسٹر یونائیٹڈ اور بارسلونا چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں
13 اپریل 2011لیگ مقابلوں میں شاختار کو بارسلونا سے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم منگل کی رات ہونے والی دونوں ٹیموں کی ٹکر کا حتمی نتیجہ ویسا ہی رہنے کے باوجود مقابلہ مختلف رہا ہے۔ اس مرتبہ بارسلونا اور اس کے اسٹار میسی کے خلاف شاختار نے صرف ایک ہی گول کھایا۔ یہ گول بھی میسی کے پیروں سے نکلا۔ جیت کے ساتھ ہی بارسلونا اب چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
اس میچ کے ذریعے میسی نے گول کرنے کا اپنا اور برازیلوی رونالڈو کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ اس سے پہلے میسی نے 2009-10ء کے سیزن میں 47 گول کرنے کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔ رونالڈو نے 1996-97ء میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ تاہم منگل کو میسی نے 48 واں گول کر کے ریکارڈ اپنے نام کیا۔
ایک دوسرے اہم مقابلے میں انگلینڈ کے کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے چیلسی کو ایک دو سے مات دی۔ اس میچ کے 43 ویں منٹ میں رائن گگز کے کراس پر زیویئر ہیرڈنانڈیز نے پہلا گول کیا اور مانچیسٹر یونائٹیڈ کو برتری دلا دی۔ کھیل کے 77 ویں منٹ میں چیلسی کے سینٹرل فارورڈ ڈی ڈی ایر ڈروگبا نے گول کیا۔
70 ویں منٹ کے بعد چیلسی کی ٹیم 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتی رہی۔ دو مرتبہ ییلو کارڈ دیکھنے والے ریمیریز کو باہر جانا پڑا تھا۔ چیلسی کے 10 کھلاڑیوں پر مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم بھاری پڑی۔ اس کے بعد ایک اور گول کی مدد سے مانچسٹر یونائیٹڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پانچ سال میں یہ چوتھا موقع ہے جب یہ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔
سیمی فائنل میں مانچسٹر یونائٹیڈ کو اب جرمن کلب شالکے یا اطالوی کلب انٹر میلان کا سامنا کرنا ہوگا۔ بارسلونا ریال میڈرڈ یا ٹوٹین ہام کا سامنا کرے گی۔
رپورٹ: ندیم گِل خبررساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد