چیمپئنز لیگ: بارسلونا اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی جیت
7 اپریل 2011بارسلونا نے یوکرائن کے کلب شاختر دونیتسک کو مات دی جبکہ مانچسٹر کے مقابلے پر ہم وطن چیلسی کو شکست ہوئی۔ شاختار دونیتسک کے خلاف مقابلے میں بارسلونا کی ٹیم مکمل طور پر کھیل پر چھائی رہی۔ ہوم گراؤنڈ پرکھیلے گئے اس میچ میں شاختر کے ایک گول کے جواب میں بارسلونا نے پانچ گول کیے۔ پہلے ہاف ہی میں بارسلونا کو دو گول کی برتری حاصل تھی جبکہ اس کے بقیہ تین گول دوسرے ہاف میں ہوئے۔
بارسلونا کے سٹار مڈ فیلڈر میسی کوئی گول نہ کر سکے۔ فیفا کے جانب سے سال کے بہترین فٹ بالر قرار دئے گئے میسی کے ایک گول کو آف سائڈ قرار دے کر مسترد کردیا گیا تھا۔ وہ یورپی کلب مقابلوں میں اب تک آٹھ گول کر کے سر فہرست ہیں۔
کوارٹر فائنل میں بارسلونا کے لیے گول کرنے والوں میں آندریس لی نئیسٹا، ڈانیئل الویس، جیراڈ پیکو، سیدووکیئیٹا اورخاویئر کریوس شامل رہے۔ شاختر کے خلاف پہلے دونوں گول ان کے دفاعی کھلاڑیوں کی غلطی سے ہوئے۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں انگلش اسٹرائیکر وین رونی کے بہترین کھیل سے مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیلسی کو زیر کیا۔ رونی نے کھیل کے پہلے ہاف ہی میں گول کرکے چیلسی پر دباؤ بڑھا دیا تھا۔ ایک سابقہ میچ کے دوران ٹیلی وژن کیمرے کے سامنے جاکر غیر اخلاقی بات کرنے کی پاداش میں رونی پر فیفا کی جانب سے پابندی عائد ہے۔اس کے باوجود وہ دباؤ میں دکھائی نہیں دیے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر ایلیکس فیرگوسن کا میچ کے بعد کہنا تھا، ’’رونی کو آخری لمحات تک گھیرنے کی کوششیں کی جاتی رہیں تاہم اس نے اپنا کھیل متاثر ہونے نہیں دیا اور زبردست فارم دکھائی۔‘‘ گزشتہ شب کے اس کوارٹر فائنل میں چیلسی کو ایک لحاظ سے بدقسمت بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ اختتامی لمحات میں ان کے فاروڈ کھلاڑی Ramiresکو مانچسٹر یونائیٹڈ کے دفاعی کھلاڑی نے ڈی ایریا میں گرا دیا تھا۔ چیلسی کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے کئی مواقع ملے تاہم وہ انہیں یقینی گول میں نہ بدل سکے۔ یہ کوارٹر فائنل جیت کر اب یونائیٹڈ کی ٹیم ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں جرمن کلب شالکے کا مقابلہ کرے گی جبکہ بارسلونا ممکنہ طور پر ریال میڈریڈ کا مقابلہ کرے گی۔ سیمی فائنل کے آغاز سے قبل اگلے ہفتے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا۔کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ بارہ اور تیرہ اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عدنان اسحاق