چیمپیئنز لیگ فٹ بال کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز
5 اپریل 2011پہلے روز دو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے۔ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر انگلش کلب ٹوٹن ہام کا مقابلہ کرے گا۔ اسی روز کے دوسرے کوارٹر فائنل میں اطالوی کلب میلان اپنے ہوم گراؤنڈ پر جرمن کلب شالکے کا مقابلہ کرے گا۔ دونوں مقابلے مقامی وقت کے مطابق شب آٹھ بج کر پینتالیس منٹ پر کھیلے جائیں گے۔
اسی طرح بدھ چھ اپریل کو بھی دو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے۔ اس روز انگلش کلب مانچیسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے جبکہ ہسپانوی کلب بارسلونا کا مقابلہ یوکرائن کے کلب شاختار دونیتسک سے ہوگا۔
کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل کھیلے گئے اپنے آخری میچز میں چیلسی، ریال میڈرڈ اور میلان تینوں نے بہت زیادہ نمایاں کارکردگی نہیں دکھائی ہے۔
منگل کے پہلے کوارٹر فائنل میں یوکرائن کے کلب شاختار دونیتسک کی جیت کی امید قدرے کم ہے۔ ان کی حریف بارسلونا نے لیگ مقابلوں میں جس طرح آرسنل کے خلاف کھیل پیش کیا اگر وہ ایسا ہی کھیل کوارٹر فائنل میں دکھائے تو ان کی جیت میں کوئی شک نہیں۔ بارسا کہلانے والے اس کلب کے کوچ پیپ گارڈیولا کا کہنا ہے کہ ان کے پاس میسی جیسا سٹار ہے جو بھر پور پرفارمنس دکھا رہا ہے۔
اسی روز دوسرے کوارٹر فائنل میں پراعتماد جرمن کلب شالکے، روایتی مضبوط ٹیم انٹر میلان کا سامنا کرے گی۔ شالکے نے بائرن میونخ جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ شالکے 1997ء کے یورپی کپ میں میلان کو شکست دے چکی ہے۔
بدھ کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ اس میچ میں مانچیسٹر کا اپنے ہم وطن حریف چیلسی کے خلاف ریکارڈ اچھا ہے۔دوسرے روز کے اگلے کوارٹر فائنل کے لیے ریال میڈرڈ کو فیورٹ تصور کیا جارہا ہے مگر ان کے سٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو کی فٹنس سے جڑے سوال کچھ خدشات کو جنم دے رہے ہیں۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عصمت جبیں