چیمپیئنز لیگ: شالکے کی انٹر میلان پر فتح
6 اپریل 2011اٹلی کے شہر میلان میں دفاعی چیمپیئن ٹیم انٹر میلان کوجرمن فٹ بال کلب شالکے نے شکست دے کر ایک طرح سے اپ سیٹ کردیا ہے۔ انٹر میلان اس ہار کے بعد ٹورنامنٹ سے خارج ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا میں شالکے کی ٹیم قدرے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ گزشتہ تین چار میچوں سے اس کی مجموعی کارکردگی تھوڑی سی بہتر ہوئی ہے۔ انٹر میلان کو دو گول کے مقابلے پانچ گول سے شکست دے کر جرمن کلب نے اپنا مجموعی گول تناسب بھی بہت بہتر کر لیا ہے۔
انٹر میلان کو اگر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنی ہے تو اسے اگلے ہفتے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں شالکے کو ہر صورت میں چار گول کے فرق سے شکست دینا ہوگی۔ اس سے کم فرق پر یا میچ برابر رہنے کی صورت میں بھی شالکے کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ چیمپیئنز لیگ کے اصول کے تحت اگر دوسرے مرحلے میں میچ برابر رہتا ہے تو وہ ٹیم جس نے دوسری ٹیم کے ہوم گراؤنڈ میں میچ جیتا ہو وہ اگلے مرحلے میں داخل ہو جاتی ہے۔ اس طرح شالکے کے سیمی فائنل کھیلنے کے روشن امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
انٹر میلان کو میچ کے انتیسویں منٹ میں برتری حاصل ہو گئی تھی لیکن شالکے کے Joel Matip نے تھوڑی دیر بعد ہی میچ برابر کردیا۔ اس کے بعد انٹر میلان نے دوبارہ برتری حاصل کی جس کو وقفے سے قبل Edu نے گول کر کے برابر کردیا۔
وقفے کے بعد میچ میں انٹرمیلان نے جلد ہی برتری حاصل کر لی لیکن اس کے فوراً بعد شالکے کی جانب سے یکے بعد دیگرے دو گولوں سے انٹر میلان کے کھلاڑی ششدر رہ گئے۔ یہ دونوں گول Raul Gonzalez نے کیے۔ جرمن کلب کی سبقت کو انٹرمیلان کے کھلاڑی Andrea Ranocchia نے خود ہی گول کرکے مزید مستحکم کردیا۔
منگل کو ہونے والے ایک اور کوارٹر فائنل میں ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے برطانوی کلب ٹوٹن ہیم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ بارہ اور تیرہ اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
آج بدھ کو چیمپیئنز لیگ میں دو اور کواٹر فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں مشہور برطانوی کلب چیلسی کو ایک اور مضبوط برطانوی کلب مانچیسٹر یونائٹڈ کا سامنا ہے۔ بدھ ہی کے روز کھیلے جانے والے دوسرے کوارٹر فائنل میں ایف سی بارسیلونا کلب کا میچ یوکرائنی کلب شاختار ڈونیٹسک سے ہو گا۔
چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنلز کا پہلا مرحلہ اسی ماہ کی 26 اور 27 تاریخوں کو مکمل کیا جائے گا جب کہ سیمی فائنل میچوں کا دوسرا مرحلہ مئی کے پہلے ہفتہ میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: شامل شمس