لندن انڈرگراؤنڈ پر بم حملے کا اٹھارہ سالہ مشتبہ ملزم گرفتار
16 ستمبر 2017برطانوی دارالحکومت لندن سے ہفتہ سولہ ستمبر کو ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ نے بتایا کہ لندن انڈرگراؤنڈ پر ایک روز قبل کیے گئے بم حملے کے سلسلے میں جس نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے، اس نے مشتبہ طور پر اس حملے میں اہم کردار ادا کیا۔
سکاٹ لینڈ یارڈ نے بتایا کہ ملزم کی عمر صرف 18 برس ہے اور اسے انگلینڈ کے جنوبی بندرگاہی شہر ڈوور سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے تفتیشی ماہرین اس مشتبہ ملزم یا ان ملزمان کی تلاش میں تھے، جنہوں نے لندن کے زیر زمین ریلوے نظام کے پارسنز گرین نامی اسٹیشن پر وہ بالٹی بم رکھا تھا، جو اس دھماکے میں استعمال ہوا تھا۔
لندن ميں دہشت گردی، ميٹرو اسٹيشن پر بم دھماکے ميں انتیس زخمی
میڈرڈ سے مانچسٹر تا بارسلونا: دہشت گردانہ واقعات کا سلسلہ
لندن میں مسجد کے قریب حملہ: ایک شخص ہلاک، دس زخمی
انسداد دہشت گردی کے برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بم دراصل ایک ایسی بالٹی تھی جسے لوہے کی کیلوں اور ٹی اے ٹی پی نامی دھماکا خیز مواد سے بھر کر پارسنز گرین کے ٹیوب اسٹیشن پر رکھ دیا گیا تھا۔ جمعے کے دن، اس وقت جب لندن انڈرگراؤنڈ میں مسافروں کا بہت زیادہ رش ہوتا ہے، خوش قسمتی سے یہ بم صرف جزوی طور ہی پھٹ سکا تھا۔ پھر بھی اس دھماکے کی وجہ سے 29 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
سکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق یہ بات ابھی واضح نہیں کہ ’دہشت گردانہ حملہ‘ قرار دی گئی اس کارروائی کا ذمہ دار کوئی ایک ملزم تھا یا ایک سے زیادہ۔ حکام کو امید ہے کہ جس نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے، اس سے اس بارے میں بہت اہم معلومات حاصل ہو سکیں گی۔
لندن حملہ آوروں میں سے دو کی شناخت ظاہر کر دی گئی
لندن دہشت گردانہ حملے، بارہ افراد گرفتار
مزید حملوں کا خدشہ، برطانیہ میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق پولیس کے ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے بتایا، ’’اس ملزم کی ہفتے کو صبح کے وقت عمل میں آنے والی گرفتاری اس بم حملے کی تفتیش میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اسے انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تاہم ابھی تک نہ تو اس پر کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی فی الحال اس کی شناخت ظاہر کی جائے گی۔‘‘
نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لندن کے پارسنز گرین انڈرگراؤنڈ ٹرین اسٹیشن کو کل کے بم حملے کے ایک روز بعد آج سولہ ستمبر کی صبح مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔
اس بم حملے کے بعد وزیر اعظم ٹریزا مے نے ملک میں دہشت گردی کے خطرے کے خلاف وارننگ بڑھا کر بلند ترین سطح پر کر دینے کا اعلان بھی کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق 18 سالہ مشتبہ ملزم کی گرفتاری کے باوجود دہشت گردی کے خلاف یہ حکومتی تنبیہ فی الحال اپنی بلند ترین سطح پر ہی رہے گی۔