1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن ميں دہشت گردی، ميٹرو اسٹيشن پر بم دھماکے ميں انتیس زخمی

عاصم سلیم
15 ستمبر 2017

برطانوی دارالحکومت لندن ميں ہنگامی حالات سے نمٹنے والے حکام نے بتايا ہے کہ زير زمين ايک ريلوے اسٹيشن پر ’ايک واقعہ‘ سے نمٹا جا رہا ہے۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ واقعے کی تفتيش ’دہشت گردانہ‘ کارروائی کے طور پر کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2k1sP
Großbritannien Explosion in der U-Bahn Pasons Green
تصویر: Reuters/K. Coombs

برطانوی دارالحکومت لندن کے زیر زمین ٹرانسپورٹ سسٹم کے ایک اسٹیشن پر پھٹنے والے بم سے کم از کم انتیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ لندن پولیس اس واقعے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دے کر تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ بم مغربی لندن میں واقع پارسنز گرین اسٹیشن پر پھٹا۔ لندن پولیس کے انسداد دہشت گردی کے سربراہ مارک راؤلی نے بتایا کہ پھٹنے والی ڈیوائس کو بارودی مواد سے تیار کیا گیا تھا۔ راؤلی کے مطابق زخمیوں کو جھلس جانے جیسے زخم آئے ہیں۔ پولیس نے پارسنز گرین کے قریبی علاقوں تک تفتیشی عمل وسیع کر رکھا ہے۔

قبل ازيں لندن ميٹروپوليٹن پوليس نے اس سلسلے ميں اپنے ٹوئٹر پيغام ميں لکھا ہے کہ حکام پارسنز گرين ٹيوب اسٹيشن پر ہونے والی پيش رفت کے بارے ميں آگاہ ہيں اور کارروائی جاری ہے۔

عينی شاہدين دعوی کر رہے ہيں کہ انہوں نے متعدد افراد کو زخمی حالت ميں ديکھا ہے۔ نيوز ايجنسی اے ايف پی نے باون سالہ رچرڈ ايلمر ہال کے حوالے سے لکھا ہے کہ انہوں نے اسٹيشن پر افراتفری ديکھی اور آس پاس لوگ چلا رہے تھے۔ ان کے بقول پارسنز گرين ٹيوب اسٹيشن پر موجود ايک عورت نے دعوی کيا تھا کہ اس نے ايک دھماکا ہوتے ہوئے ديکھا، جس کے بعد ہی يہ بھگدڑ شروع ہوئی۔

ايسی اطلاعات ہی کہ چھوٹے دھماکے کے بعد اسٹيشن پر موجود لوگوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، جس کے سبب متعدد افراد زخمی ہوئے۔

اس وقت پوليس، فائر بريگيڈ اور ديگر ريسکيو اداروں کے کئی اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہيں۔

Karte London Parsons Green tube station ENG