1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن میں مسجد کے قریب حملہ: ایک شخص ہلاک، دس زخمی

مقبول ملک اے پی
19 جون 2017

برطانوی دارالحکومت لندن کے شمالی حصے میں ایک مسجد کے قریب کیے گئے ایک وین حملے میں ایک شخص ہلاک اور دس دیگر زخمی ہو گئے۔ اڑتالیس سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ایک مشتبہ دہشت گردانہ حملہ تھا۔

https://p.dw.com/p/2eu3g
حملے میں استعمال کی گئی وین، جس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیاتصویر: Getty Images/AFP/D. Leal-Olivas

لندن سے پیر انیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص نے، جو گاڑی چلا رہا تھا، اپنی کار آج پیر کو علی الصبح شمالی لندن کے علاقے فِنزبری پارک میں مسلمانوں کی ایک مسجد کے قریب راہگیروں پر چڑھا دی۔

یہ حملہ ایک شخص کی ہلاکت اور دس دیگر کے زخمی ہونے کا سبب بنا جبکہ پولیس نے بتایا کہ وہ اس واقعے کی ایک مشتبہ دہشت گردانہ حملے کے طور پر چھان بین کر رہی ہے۔ ملزم کو، جس کی عمر 48 برس بتائی گئی ہے، گرفتار کر کے احتیاطاﹰ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے تا کہ اس کی ذہنی صحت کا معائنہ کیا جا سکے۔

لندن حملہ آوروں میں سے دو کی شناخت ظاہر کر دی گئی

لندن حملہ، بارہ مشتبہ افراد گرفتار

مزید حملوں کا خدشہ، برطانیہ میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لندن کے اس کثیرالنسلی آبادی والے علاقے میں بہت سے مسلمان نصف شب کے بعد نماز تراویح پڑھ کر مسجد سے واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق اس حملے کے بعد نمازیوں کے ایک ہجوم نے ملزم کو اس کی گاڑی سمیت اپنے گھیرے میں لے لیا تھا، جسے پولیس نے رات ایک بجے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر حراست میں لے لیا۔

Großbritannien London Fahrzeug rammt Moschee-Besucher
فنزبری پارک کی مسجد لندن کی ایک مشہور اور کافی بڑی مسلم عبادت گاہ ہےتصویر: picture-alliance/AA/T. Salci

اس حملے کے بعد برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے کہا ہے کہ یہ حملہ ایک مشتبہ دہشت گردانہ حملہ ہو سکتا ہے جبکہ مقامی مسلم آبادی نے اسے ایک ایسا جرم قرار دیا ہے، جس کا ارتکاب مسلمانوں سے نفرت کی وجہ سے کیا گیا۔

کیا ’برمنگھم‘ انتہا پسندوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے؟

لندن حملہ خالد مسعود نامی برطانوی شہری نے کیا

لندن حملے غالباً اسلام پسندانہ دہشت گردی تھی، برطانوی پولیس

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق زخمی ہونے والے دس افراد میں سے دو معمولی زخمی ہوئے تھے، جن کی موقع پر ہی مرہم پٹی کر دی گئی جبکہ باقی آٹھ افراد کے زخم  مقابلتاﹰ شدید تھے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

برطانوی مسلمانوں کی قومی تنظیم مسلم کونسل آف بریٹن کے سیکرٹری جنرل ہارون خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حملے کے پیش نظر برطانیہ میں مسلم عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات کرے۔ ہارون خان نے یہ بھی کہا کہ اس جرم کا ارتکاب مسلمانوں سے نفرت کی بنا پر کیا گیا، جو اس امر کا ثبوت بھی ہے کہ برطانیہ میں اسلام سے خوف یا ’اسلاموفوبیا‘ کتنا زیادہ ہو چکا ہے۔

لندن کے میئر صادق خان نے، جو برطانوی دارالحکومت کے پہلے مسلمان میئر ہیں، کہا ہے کہ مسجدوں کی حفاظت کے لیے اضافی سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔