1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن حملہ آوروں میں سے دو کی شناخت ظاہر کر دی گئی

6 جون 2017

برطانوی پولیس نے ہفتے کی شب لندن حملے میں ملوث تین میں سے دو مشتبہ حملہ آورں کی شناخت ظاہر کردی ہے۔ اس دوران اس حملے کے تناظر میں گرفتار شدہ تمام بارہ افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2e9t9
London - Polizei auf London Bridge
تصویر: Reuters/P. Nicholls

برطانوی پولیس کے مطابق لندن برج پر دہشت گردی میں ملوث مبینہ حملہ آوروں میں سے ایک ستائیس سالہ خرم شہزاد بٹ جبکہ دوسرا تیس سالہ راشد رضوان تھا۔ خرم شہزاد پاکستانی نژاد برطانوی شہری تھا جبکہ راشد مراکش اور لیبیا کا شہری تھا۔ لندن پولیس کے انسداد دہشت گردی کے شعبے کے سربراہ مارک رؤلی نے کہا، ’’ میں تمام شہریوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اگر انہیں ان دونوں کے بارے کچھ بھی پتا ہے تو ہمیں مطلع کریں۔ حملے سے قبل کے دنوں میں وہ کیا کر رہے تھے، کہاں کہاں باقاعدگی سے آجا رہے تھے۔‘‘

Mahnwache für die Opfer des Terroranschlags in London
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/T. Ireland

لندن حملے میں سات افراد ہلاک جبکہ اور پچاس کے قریب زخمی ہوئے تھے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ابھی بھی چھتیس زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے بقول خرم بٹ اور راشد رضوان مشرقی لندن میں بارکنگ کے علاقے میں رہتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ خرم بٹ کے بارے میں پولیس پہلے ہی سے جانتی تھی اور اس کا ریکارڈ بھی موجود تھا تاہم اس کی جانب سے کسی دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔

دوسری جانب برطانوی حکام نے اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار تمام بارہ افراد کو رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان میں سے کسی شخص پر بھی فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔ اتوار کے روز حراست میں لیے جانے والوں میں سات خواتین بھی شامل تھیں۔ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔