1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاٹلی

سابق اطالوی وزیراعظم بیرلسکونی انتقال کر گئے

12 جون 2023

سابق اطالوی وزیراعظم سلویو بیرلسکونی 86 برس کی عمر میں شمالی اطالوی شہر میلان میں انتقال کر گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4STIx
Italien Ex-Ministerpräsident Silvio Berlusconi
تصویر: Fabrizio Corradetti/ipa-agency/Live Media/picture alliance

سلویو بیرلسکونی گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران اطالوی سیاست پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کرنے والوں میں شامل ہیں۔ ارب پتی سیاست دان بیرلسکونی ایک طرف تو اٹلی کے سیاسی اور ثقافتی منظرنامے کو جہتیں دینے والوں میں سے ہیں جب کہ خود بھی متعدد قانونی اور جنسی اسکینڈلز کی وجہ سے موضوع گفتگو رہے ہیں۔

سابق اطالوی وزیر اعظم ’بونگا بونگا‘ پارٹیوں کے مقدمے سے بری

چھ لاکھ تارکین وطن ’جرائم کے لیے تیار‘، سابق اطالوی وزیراعظم

بیرلسکونی کو جمعے کو روز شمالی اطالوی شہر میلان کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہیں اپنی لیوکیمیا کی بیماری کے سلسلے میں پہلے سے طے شدہ ٹیسٹس کروانا تھے۔

Silvio Berlusconi Nachruf
بیرلسکونی کئی دہائیوں سے اطالوی سیاست کا ایک اہم کردار ہیںتصویر: Nicola Marfisi/Avalon/picture-alliance/dpa

اس سے صرف تین ہفتے قبل وہ چھ ہفتے ہسپتال میں رہنے کے بعد گھر گئے تھے۔ اسی دوران ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ بیرلسکونی خون کے سرطان کی ایک شاذونادر قسم کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ بیرلسکونی کو دو ہزار سولہ سے دو ہزار بیس کے درمیان متعدد مرتبہ ہسپتال  میں داخل ہونا پڑا تھا۔ سن دو ہزار سولہ میں بیرلسکونی کو دل کے آپریشن سے گزرنا پڑا جب کہ سن 2020 میں وہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے کے بعد بھی ہسپتال میں رہے۔

گزشتہ برس سینیٹ کے رکن منتخب  ہونے کے باوجود انہیں عوامی سطح پر بہت کم دیکھا گیا تھا۔بیرلسکونیدائیں بازو کی فورزا  اطالیہ پارٹی کے سربراہ رہے ہیں۔ یہ جماعت وزیراعظم جیورجیا میلونی کی اتحادی حکومت میں شامل ہے۔

Silvio Berlusconi Nachruf
ڈاکٹروں نے بیرلسکونی میں خون کے سرطان کی ایک کم یاب قسم دریافت کی تھیتصویر: Cecilia Fabiano/LaPresse via ZUMA Press/picture-alliance/dpa

بیرلسکونی تین بار اطالوی وزارت عظمی کے منصب پر فائز ہوئے اور مجموعی طور پر تقریباﹰ نو برس اپنے ملک کی قیادت کی۔

حال ہی میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بیرلسکونی کے پاس مجموعی سرمایہ سات ارب ڈالر کے قریب ہے۔ فی الحال بیرلسکونی کی آخری رسومات کے حوالے سے تفصیلات تو واضح نہیں تاہم انہوں نے میلان کے قریب اپنے محل نما گھر میں فرعون طرز کا ایک مقبرہ تعمیر کر رکھا تھا، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے دوست اور اہل خانہ یہاں دفن کیے جائیں گے۔

ع ت، ک م (اے ایف پی)