1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائماٹلی

سابق اطالوی وزیر اعظم ’بونگا بونگا‘ پارٹیوں کے مقدمے سے بری

15 فروری 2023

بیرلسکونی کو نوجوان خواتین کے ساتھ بدنام زمانہ پرتعیش پارٹیوں میں شمولیت کے الزامات پر تین الگ الگ مقدمات کا سامنا تھا۔ 86 سالہ سابق وزیر عظم کے وکیل نے ان کی بریت پر ’بے حد اطمینان‘ کا اظہار کیا۔

https://p.dw.com/p/4NWJt
Italien I Politikerin I Giorgia Meloni
تصویر: Riccardo Antimiani /dpa/picture alliance

اٹلی کی ایک عدالت نے سابق وزیر اعظم سلویوبیرلسکونی کو نوجوان خواتین کے ساتھ دادوعیش کے لیے نام نہاد ''بونگا بونگا‘‘ پارٹیوں کے انعقاد سے متعلق مقدمے میں کرپشن اور گواہان کو رشوت دینے کے الزامات سے بری کر دیا۔ بیرلسکونی کے خلاف اس سلسلے کے تیسرے مقدمے کو ان پارٹیوں میں شامل  ایک خاتون کے نام پر ''روبی‘‘ ٹرائل کا نام دیا گیا تھا۔

Italien | Silvio Berlusconi | Kampagne zur Präsidentschaftswahl | Protest
اس مقدمے کی وجہ سے بیرلسکونی کے خلاف اندرون ملک احتجاج کا سامنا بھی رہاتصویر: Francesco Fotia/Avalon/Photoshot/picture alliance

'بے حد اطمینان‘

 میلان کی ایک عدالت  نے فیصلہ سنایا کہ 86 سالہ بیرلسکونی اور 28 دیگر افراد، جن میں سے اکثر خواتین ہیں، کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہو سکے ۔ استغاثہ کے مطابق بیرلسکونی نے اس سلسلے کے پہلے دو مقدمات میں اپنے حق میں جھوٹی گواہیاں دینے کے لیے رقم ادا کی تھی۔ ان مقدمات میں سابق اطالوی وزیر اعظم کو اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور نابالغوں کی جسم فروشی کوفروغ دینے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تیس سال سے مفرور اٹلی کا مطلوب ترین مافیا باس دینارو گرفتار

ان پہلے دونوں مقدمات میں بھی بیرلسکونی کو  عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا گیا تھا۔ ان کے وکیل کے مطابق بیرلسکونی  نے ایک بزنس مین اور رکن پارلیمنٹ کے طور پر ان مقدمات سے بہترین طریقے سے بریت حاصل کی ہے۔ نیوز اطالوی نیوز ایجنسی آنسہ نے وکیل صفائی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ اس مقدمے کے نتیجے سے ''بے حد مطمئن ہیں۔‘‘

منگل کے روز عدالتی فیصلہ آنے کے بعد بیرلسکونی کو وزیر اعظم جارجیا میلونی کی قیادت میں دائیں بازو کی حکومت میں ان کے اتحادیوں نے مبارکباد دی۔ میلونی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ ایک بہترین خبر ہے۔ میلونی نے پیر کو پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ حکومت مشترکہ مدعی کی حیثیت سے اس مقدمے سے دستبردار ہو رہی ہے  اور وہ اس مقدمے میں   ہرجانے کی بھی طلب گار نہیں۔

Italien Wahlkampf, Silvio Berlusconi
بیرلسکونی اس وقت بھی اطالوی پارلیمان کے رکن اور موجودہ حکومت کے اتحادی ہیںتصویر: Nicola Marfisi/Avalon/ Photoshot/picture alliance

2017 ء میں اس وقت کی مرکزی بائیں بازو کی حکومت نے بیرلسکونی  کے خلافقانونی  کارروائی شروع کی تھی۔ اس وقت کے وزیر اعظم ماریو دراگی کے  استغاثہ دفتر نے  اٹلی کو ''دنیا بھر میں بدنام‘‘ کرنےکے الزام پر بیرلسکونی سے ساڑھے دس ملین یورو کے ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔

'ڈراؤنا خواب ختم‘

بیرلسکونی ک پر تعیش رہائش گاہ پر ہونے والی ان بدنام زمانہ پارٹیوں میں شریک ایک خاتون روبی روبیکوری، یا روبی ہارٹ بریکر، بھی تھیں، جو اس وقت 17 سال کی تھیں۔  اس مراکشی نژاد خاتون کا اصل نام کریمہ المہروگ ہے۔ وہ بھی بدھ کو  بطور مدعا علیہ مقدمے کی کاروائی کے لیے عدالت میں موجود تھیں۔ اپنی بریت کا فیصلہ آنے کے بعد انہوں نے کہا ، ''ڈراؤنا خواب ختم ہوا۔‘‘

ش ر⁄ ع ت ( ڈی پی اے)

اٹلی: قدامت پسندوں کا اقتدار، ایل جی بی ٹی کیو جوڑے خوفزدہ