تیس سال سے مفرور اٹلی کا مطلوب ترین مافیا باس دینارو گرفتار
16 جنوری 2023اطالوی دارالحکومت روم سے پیر سولہ جنوری کو ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ ماتیو میسینا دینارو کو بحیرہ روم میں واقع اسی ملکی جزیرے سسلی سے حراست میں لیا گیا، جہاں وہ پیدا ہوا تھا۔ یہ مافیا رہنما پچھلے 30 سال سے مفرور تھا اور کئی مرتبہ ملکی پولیس کو چکمہ دے کر گرفتاری سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔
گرفتاری سسلی کے دارالحکومت پلیرمو سے
اٹلی کی قومی پولیس کے جنرل پاسکال انگیلوسانتو نے بتایا کہ ماتیو دینارو کو آج پیر کے روز حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے بتایا، ''ماتیو میسینا دینارو کو اطالوی جزیرے سسلی کے دارالحکومت پلیرمو میں ایک بڑے چھاپے کے دوران طبی دیکھ بھال کے ایک ایسے مرکز سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ اپنی تھیراپی کے لیے گیا ہوا تھا۔‘‘
ترکی: بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کی آماجگاہ
اطالوی خبر رساں ادارے اسنا نے اپنی رپورٹوں میں بتایا کہ ماتیو میسینا دینارو سسلی کے کوسا نوسترا نامی اس مافیا گروہ کا سرغنہ تھا، جس کا نام سن کر ہی بہت سے لوگ خوف زدہ ہو جاتے تھے۔
غیر حاضری میں عمر قید کی سزا
کوسا نوسترا کے سربراہ کے طور پر ماتیو دینارو 1993ء سے مفرور تھا اور اٹلی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سب سے زیادہ مطلوب مجرم تھا۔
اطالوی مافیا کا انتقام، خاتون کو قتل کر کے لاش خنزیروں کو کھلا دی
ماتیو میسینا دینارو کی عمر اس وقت 60 برس ہے اور اسے قتل کے کئی واقعات میں عدالتی سطح پر قصور وار قرار دیے جانے کے بعد اس کی غیر حاضری میں عمر قید کی سزا بھی سنائی جا چکی ہے۔
عمر قید کی سزا کاٹنے والا مافیا باس جیل گارڈ کی انگلی کھا گیا
کوسا نوسترا کا یہ سربراہ 2016ء اور 2017ء میں جیل میں قید کے دوران انتقال کر جانے والے بدنام زمانہ مافیا رہنماؤں بیرنارڈو پرووینزانو اور ٹوٹو رئینا کے جانشین کے طور پر سسلی کے اس مافیا گروہ کا لیڈر بنا تھا۔
م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)