بیرلسکونی: جنسی مقدمے کی عدالتی کارروائی مکمل
14 مئی 2013پیر کے روز اطالوی شہر میلان میں سابق وزیراعظم سلویو بیرلسکونی کے ایک جنسی مقدمے میں استغاثہ نے دلائل مکمل کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ سابق وزیر اعظم کو کم از کم چھ سال قید سزا کا حکم سنانے کے علاوہ کسی عوامی ادارے کا رکن یا منصب سنبھالنے سے نااہل قرار دیا جائے۔ میلان شہر کی عدالت سے منسلک خاتون وکیل استغاثہ الڈا بوچاسینی (Ilda Boccassini) نے عدالت کو بتایا کہ نوجوان خاتون کریمہ المحروق نے مالی منفعت کے حصول میں سلویو بیرلسکونی کے ساتھ جنسی تعلقات کو فروغ دیا۔
وکیل استغاثہ کے مطابق نوجوان سیکس ورکر کو حاصل ہونے والی رقم کا اندازہ 45 لاکھ یورو کے قریب لگایا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق اس مناسبت سے اس وقت کے وزیراعظم کے کچھ نوٹس اور بعض ٹیلی فون کالز کا بھی حوالہ پیش کیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق ان میں رقم دینے کےمعاملے کو زیر بحث لایا گیا تھا۔ وکیل استغاثہ کے مطابق اس نوجوان سیکس ورکر کو بعض سیاسی پارٹیوں میں بھی مدعو کیا گیا تھا۔ یہ میلان شہر میں انتہائی قیمتی ملبوسات میں دیکھی جاتی ہیں۔
کریمہ المحروق کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سن 2010 میں اس نے اٹھارہ برس سے کم عمر ہونے کے باوجود بطور سیکس ورکر اپنی خدمات پیش کی تھیں۔ کریمہ کا تعلق افریقی ملک مراکش سے ہے اور وہ کلب ڈانسر ہونے کے علاوہ جسم فروشی بھی کرتی تھی۔ کریمہ کو مئی سن 2010 میں میلان کی پولیس نے تین ہزار یورو چرانے کی الزام کے تحت گرفتار کیا تھا۔ اس وقت کے وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی نے پیرس سے میلان پولیس کو فون کر کے کریمہ کو رہا کرنے کے لیے پریشر بھی ڈالا۔ بیرلسکونی کے بار بار ٹیلی فون کرنے پر پولیس نے کریمہ کو آزاد کر دیا تھا۔ اطالوی قانون کے تحت اٹھارہ برس سے کم عمر کی لڑکی کے ساتھ معاوضہ دے کر جنسی تعلقات قائم کرنا جرم ہے۔
کریمہ المحروق کے ساتھ جنسی روابط کے حوالے سے میلان کی ایک عدالت کے جج نے پندرہ فروری سن 2011 کو بیرلسکونی پر فرد جرم عائد کی تھی۔ اب اس مناسبت سے فریقین نے اپنے اپنے دلائل پیر کے روز مکمل کر لیے۔ بیرلسکونی جرم کی صحت سے انکار کرتے ہوئے استغاثہ کے دلائل کو فرضی کہانیوں اور مفروضوں کا پلندہ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کریمہ المحاروق کو مصر کے سابق ڈکٹیٹر حسنی مبارک کی صاحبزادی خیال کرتے تھے اور اسی باعث اس کی مدد کے لیے میلان پولیس کو فون کیا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ کوئی بین الاقوامی تنازعہ کھڑا کرنے کے متمنی نہیں تھے۔
ابھی دو روز قبل ہفتے کے روز ہی بیرلسکونی نے عدالتی وکیل کے خلاف ایک احتجاجی ریلی بھی نکال چکے ہیں۔ اس ریلی میں استغاثہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کے حوالے سے تعصب اور جانبداری کی وجہ سے صحیح سوچنے اور دیکھنے سے عاری ہے۔ ریلی میں اٹلی کے اہم سیاستدان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وکیل استغاثہ ان کے خلاف بغض و عناد رکھتی ہیں۔ ان کے ذاتی ٹیلی وژن چینل نے اتوار کے روز اس مقدمے کے حوالے سے پروگرام بھی پیش کیا تھا۔
میلان کی ایک اور عدالت نے سابق وزیر اعظم سلویو بیرلسکونی کو ٹیکس فراڈ کے عائد الزامات کے تحت گزشتہ سال اکتوبر میں چار سال کی قید سزا کا حکم سنایا تھا۔ اس حکم کے خلاف سابق وزیر اعظم نے اعلیٰ عدالت میں اپیل کر رکھی تھی۔ بدھ کے روز میلان شہر کی اعلیٰ عدالت نے بیرلسکونی کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے ماتحت عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی توثیق کر دی ہے۔
(ah/zb(AP