ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ڈسکس تھرو میں جرمنی فاتح
20 اگست 2009ڈسکس تھرو جرمنی میں انتہائی مقبول ہے۔ تاہم بدھ کو مقابلوں کا آغاز میزبان ملک کے لئے مایوس کن تھا جب تین مرتبہ چیمپئن شپ جیتنے والی 41 سالہ فرانکا ڈیئٹش کو خواتین کے فائنل میں ناکامی ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
اس کے بعد پول پوئٹر پانچ راؤنڈز کے بعد اپنا قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے 69.15 میٹر پر جاپہنچے، میزبان شائقین کے لئے یہ صورت حال بھی کچھ اچھی نہیں تھی۔
تاہم ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں رابرٹ ہارٹنگ کی پرفارمنس نے جرمن شائقن کے حوصلے بلند کئے۔ انہوں نے اپنے ملک کے لئے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔
اُدھر یوسف سعد نے مردوں کی 15 سومیٹر کی دوڑ جیت لی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی 18 سالہ کیسٹر سیمینیا نے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی آٹھ سو میٹر دوڑ جیت لی۔
جمائیکا کی بریجیٹ فوسٹر ہلٹن نے خواتین کی ایک سو رکاوٹوں کی دوڑ جیت لی ہے۔
مردوں کی دو سو میٹر ریس کا فائنل آج جمعرات کو ہو رہا ہے۔ جمائیکا کے ایتھلیٹ اوسین بولٹ اس ریس کے لئے بہترین فارم میں دکھائی دیتے ہیں۔ وہ مردوں کی ایک سو میٹر کی ریس میں ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ اتوار کے مقابلے میں انہوں نے ایک سو میٹر کا فاصلہ 9.58 سیکنڈ میں طے کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ 22 سالہ ایتھلیٹ کے پاس آج دوسرا ورلڈ ریکارڈ بنانے کا موقع ہے۔ یہ کامیابیاں اوسین بولٹ کے لئے اس لئے بھی انتہائی اہم ہوں گی کیونکہ جمعہ کو اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
دو سو میٹر کی ریس کے لئے امریکی ایتھلیٹ ٹائسن گے کو بھی فیورٹ قررا دیا جا رہا تھا۔ تاہم وہ زخمی ہونے کے باعث آج کے فائنل میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ہائی جمپ کی ملکہ بلانکا ولاسک اپنی روایتی حریف جرمن کھلاڑی آریانے فریڈرش کا سامنا بھی آج کریں گی۔ فریڈریش نے ولاسک کو جون میں برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں شکست دی تھی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ولاسک ایک پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہوچکی ہیں اور ان کے سر پر سات ٹانکے آئے ہیں۔ مقابلوں کے چوتھے دن کے اختتام پر امریکہ تین سونے، دو چاندی اور تین کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی ، جمائیکا تین سونے دو چاندی اور دو کانسی کے ساتھ دوسرے جبکہ کینیا دو سونے، دو چاندی اور دوکانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عدنان اسحاق