1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ مقابلوں کے دو روز مکمل

17 اگست 2009

ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئیش شپ جرمنی کے دارالحکومت میں جاری ہے۔ اتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں کے دوسرے روز جرمنی نے دو مزید میڈلز حاصل کئے۔

https://p.dw.com/p/JCUW
اوسین بولٹ نے اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ توڑ دیاتصویر: AP

دوسرے روز کے اختتام پر دو سلور اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ جرمنی چین کے ساتھ اب تک تین تین میڈلز حاصل کرکے سب سے زیادہ میڈلز حاصل کرنے والوں ملکوں میں شامل ہے۔

جرمن دارالحکومت برلن میں ہونے والے عالمی مقابلوں کے دوسرے دن کی خاص بات مردوں کی 100 میٹر دوڑ کا فائنل رہا۔ اس دوڑ میں جمائیکا کے اوسین بولٹ نے اپنا ہی ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ فاصلہ 9.58 سیکنڈ میں طے کیا۔ اس سے قبل انہوں نے 100 میٹر کا فاصلہ 9.69 سیکنڈ میں طے کرنے کا عالمی ریکارڈ بنا رکھا تھا۔ اس دوڑ میں سلور میڈل امریکہ کے ٹائیسن گے کے حصے میں آیا جنہوں نے 9.71 سیکنڈ میں یہ فاصلہ طے کیا جبکہ جمائیکا ہی کے آصافا پاول نے 9.84 سیکنڈ میں 100میٹر کا فاصلہ طے کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس سے قبل خواتین کے ہیپٹاتھلوں مقابلے میں جرمنی کی جینیفر اُوزر نے سلور میڈل جیتا جبکہ گولڈ میڈل برطانوی اتھلیٹ جیسیکا اینِس کے حصے میں آیا۔ خواتین کے شاپ پٹ پھینکنے کے فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کی وَلاری وِلی نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ چاندی کا تمغہ جرمنی کی نادین کلائینٹ نے جیتا۔

Jessica Ennis Kugelstoßen WM Berlin Flash-Galerie
خواتین کے ہیپٹاتھلوں مقابلے میں گولڈ میڈل برطانوی اتھلیٹ جیسیکا اینِس کے حصے میں آیا۔تصویر: AP

آج 17 اگست کو چیمپیئن شپ کے تیسرے روز دیگر مقابلوں کے علاوہ 6 گولڈ میڈلز کا بھی فیصلہ ہوگا۔ آج جو فائنل مقابلے ہوں گے، ان میں مردوں کا ہیمر تھرو، خواتین کا پول والٹ ،خواتین کا ٹرپل جمپ اور خواتین ہی کی تین ہزار میٹر دوڑ کا فائنل شامل ہے۔ اس کے علاوہ مردوں کی دس ہزار میٹر دوڑ کے ساتھ ساتھ خواتین کی 100 میٹر دوڑ کا فائنل بھی آج ہی ہوگا۔

15 اگست سے شروع ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے پہلے دو روز کے مقابلوں کے بعد میڈلز ٹیبل کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے۔ روس دو سونے کے تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ امریکہ، جمائیکا، برطانیہ، کینیا اور نیوزی لینڈ نے ایک ایک گولڈ میڈل جیتا ہے۔ جرمنی اب تک دو چاندی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ میڈل بورڈ پر چین کے ساتھ اب تک سب سے زیادہ تمغے جیتنے والے ملکوں میں شامل ہے۔ چین نے دو سلور جبکہ ایک کانسی کا تمغہ حاصل کررکھاہے۔ ایتھوپیا، پولینڈ اور آئرلینڈ نے اب تک ایک ایک چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔

15 اگست کو جرمن دارالحکومت برلن میں شروع ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ 23 اگست تک جاری رہے گی۔

رپورٹ افسر اعوان

ادارت عاطف توقیر