ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ: جرمنی کا پہلا گولڈ میڈل
19 اگست 2009اسٹیفی نیریوس نے جیویلن تھرو میں جرمنی کے لئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔ تمغہ جیتنے کے بعد اسٹیفی نے اپنے فینز کے ساتھ اس جیت پر خوشیاں منائیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی بھی مکمل یقین نہیں آرہا۔ اپنے دوستوں، گھروالوں اور شائقین کے سامنے تعغہ حاصل کرنا ایک خواب سے کم نہیں ہے۔
اسٹیفی کی اس کامیابی پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی انہیں ذاتی طور پر پیغام بھیجا۔ میرکل نے کہا کہ وہ اسٹیفی کو 80 ملین جرمن باشندوں کی جانب سے مبارکباد پیش کرتی ہیں۔37 سالہ اسٹیفی نے جیویلن یا نیزہ سڑسٹھ اعشاریہ تیس میٹر دور پھنیکا۔ چاندنی کا تمغہ حاصل کیا اولمپک اور عالمی ریکارڈ ہولڈر چیک ریپبلک کی باربرا اسپوٹاکووا نے جبکہ کانسی کا تمغہ روس کی ماریا اباکومووا کے حصے میں آیا۔ اس موقع پر اسٹیفی نے کہا کہ یہ ان کی اب تک کی سب سے شاندار کارکردگی تھی اور ان کے خیال میں ایتھلیٹکس سے ریٹائر ہونے کا یہ سب سے اچھا موقع ہے۔
امریکی ایتھلیٹ سانیا رچرڈس نے 400 میٹر دوڑ میں عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ سانیا کے ساتھ ساتھ ان کے ہم وطن کیرون کلیمنٹ نے بھی400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں عالمی ریکارڈ قائم کیا، چاندی کا تمغہ پورتو ریکو کے خاویئر کلسن نے جبکہ کانسی کا تمغہ حاصل کیا امریکہ کی ہی بیرشوان جیکسن نے۔ برطانیہ کے فلپس ایڈووو نے ٹرپل جمپ کا مقابلہ جیت لیا ہے۔ فائنل میں انہوں نے اولمپک چیمپیئن اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے نیلسن ایوورا کو شکست دی۔
دوسری جانب جمائیکا کے اوسین بولٹ 200 میٹر کے فائنل مقابلے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ فائنل کل جمعرات کے روز ہو گا۔ امریکی ایتھلیٹ ٹائسن گے زخمی ہونے کی وجہ سے اس مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ڈوپنگ کا پہلا کیس بھی سامنے آیا ہے۔ تین ہزار میٹر رکاوٹوں کی دوڑ کا فائنل شروع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل مراکش کی اسپورٹس کمیٹی نے اعلان کیا کہ ان کے ایتھلیٹ جمال شتبی کا ڈوپنگ ٹیسٹ کا مثبت رزلٹ آیا ہے۔ چوتھے دن کے اختتام پر تین سونے اور مجموعی طور پر سات تمغوں کے ساتھ امریکہ پہلے ، جمائیکا دو سونے ، دو چاندی اور ایک کانسی کے ساتھ دوسرے جبکہ روس دو سونے ، ایک چاندی اور چار کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: افسر اعوان