یورپی یونین اور کینیڈا کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ
19 اکتوبر 2013یہ معاہدہ جمعے کو برسلز میں طے پایا۔ بعد ازاں کینیڈا کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے کہا: ’’یہ ہمارے ملک کی جانب سے کیا گیا اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کینیڈا، امریکا اور میکسیکو کے درمیان نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ یا نیفٹا سے بھی آگے نکل گیا ہے۔ اس معاہدے کے لیے یورپی یونین اور کینیڈا کے درمیان بات چیت 2009ء میں شروع ہوئی تھی۔ تاہم یورپی یونین کے پنیر اور کینیڈا کے گائے کے گوشت پر کوٹے کے تنازعے کے باعث مذاکرات مہینوں تعطل کا شکار رہے۔
اس معاہدے کے نتیجے میں کینیڈا جی ایٹ کا رکن وہ واحد ملک بن جائے گا جسے دنیا کی دو بڑی منڈیوں، امریکا اور یورپی یونین تک ترجیحی رسائی حاصل ہو گی۔ ان دونوں خطوں کی مجموعی آبادی آٹھ سو ملین ہے۔
یورپی یونین کے کمشنر برائے تجارت کارل ڈے گوخٹ کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے ساتھ یہ سمجھوتہ امریکا کے ساتھ بات چیت کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ معاہدہ یورپی یونین کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ خطہ قبل ازیں سنگاپور اور جنوبی کوریا کے ساتھ اس نوعیت کے چھوٹے معاہدے کر چکا ہے۔ جنوبی کوریا کے ساتھ یہ سمجھوتہ گزشتہ برس نافذ ہو چکا ہے جبکہ سنگاپور کے ساتھ معاہدہ رواں برس کیا گیا۔
اس موقع پر یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانوئل باروسو نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ 2015ء سے نافذ ہو جائے گا۔ اس سے قبل اسے توثیق کے لیے یورپی پارلیمنٹ، یورپی یونین کے رکن ملکوں اور کینیڈا کے دس صوبوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اس تناظر میں ایک اہم رکاوٹ جمعے کو اس وقت دُور ہو گئی تھی جب کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی حکومت نے اس معاہدے کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ کیوبیک کی ڈیری انڈسٹری یورپی یونین کے پنیر کے کوٹے میں اضافے سے ناخوش رہی ہے۔
یورپی کمیشن 28 رکن ریاستوں کی نمائندگی کرتے ہوئے 80 سے زائد ملکوں کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ کینیڈا کے ساتھ معاہدہ طے پانے میں ہونے والی تاخیر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس طرح کی بات چیت کس قدر مشکل ہو سکتی ہے۔
امریکا کے ساتھ معاہدے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔ تاہم رواں ماہ ان مذاکرات کا دوسرا دور امریکی حکومت کی جزوی بندش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ امریکا میں مقررہ وقت پر ریاستی قرضوں کی حد بڑھانے میں ناکامی پر متعدد حکومتی اداروں نے کئی روز تک اپنا کام بند رکھا تھا۔