یورپی یونین اور امریکا کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کی راہ ہموار
15 جون 2013یہ سمجھوتہ فرانس کی جانب سے اپنی ٹیلی وژن اور فلم انڈسٹری کے بارے میں ضمانتیں حاصل کرنے کے بعد ممکن ہوا۔ فرانس نے مطالبہ کیا تھا کہ امریکا کے ساتھ بات چیت کے دوران کم از کم ابتدائی مرحلے میں فرانسیسی ثقافتی صنعت ایجنڈے کا حصہ نہیں ہو گی۔
تاہم اس سمجھوتے میں ایک شق شامل ہے جس کے تحت یورپی کمیشن کو امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران کسی بھی ایسے معاملے پر بات چیت کا حق حاصل ہے جسے وہ ضروری خیال کرے۔
یورپی یونین کی سطح پر اس حوالے سے جمعے کو ہونے والی بات چیت کے بعد فرانس کی وزیر تجارت نِکول برکک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سمجھوتے کا متن بہت واضح ہے اور ثقافتی امور امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کا حصہ نہیں ہو گے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم مطمئن ہیں، لیکن میں اسے فتح نہیں کہوں گی۔‘‘
یورپی یونین کے رکن ملکوں کے ان وزراء کے درمیان بات چیت جمعے کو 12 گھنٹے جاری رہی اور معاہدہ اس وقت طے پایا جب بعض وزرائے تجارت نے منظوری لینے کے لیے اپنے اپنے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر بات کی۔
یورپی یونین کے کمشنر برائے تجارت کارل ڈے گوخٹ اس حوالے سے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پر جوش دکھائی نہیں دیے۔ انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا: ’’یہ مجھے قبول نہیں۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ یہ اچھا معاہدہ نہیں ہے۔ قبل ازیں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ کسی شعبے کو بات چیت سے مکمل طور پر خارج کرنے کے ردِ عمل میں امریکا کسی دوسرے شعبے کے لیے ایسا ہی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا: ’’میں یہ سننے جا رہا ہوں کہ میرے امریکی دوست اس بارے میں کیا کہتے ہیں (اور) پھر ضروری ہوا تو ہم اضافی مینڈیٹ کے حصول کی بات کر سکتے ہیں۔‘‘
دوسری جانب جرمنی نے اس سمجھوتے کا خیرمقدم کیا ہے۔ جرمن وزیر اقتصادیات فیلپ روئزلیر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا: ’’تاخیر غلط پیغام بھیجنے کا باعث ہوتی۔ اس لیے آج جو سمجھوتہ ہوا وہ اچھا نتیجہ ہے۔‘‘
اس سمجھوتے کے نتیجے میں یورپی رہنما اور امریکی صدر باراک اوباما آئندہ ہفتے شروع ہونے والے جی ایٹ کے اجلاس کے موقع پر باقاعدہ طور پر آزاد تجارت کے معاہدے کے لیے بات چیت کا آغاز کر سکتے ہیں۔ دونوں جانب سے آئندہ برس کے اختتام تک معاہدے کو حتمی شکل دینے کی اُمید ظاہر کی جا رہی ہے۔
ng/zb(Reuters, AFP, AP)