1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا اور یورپی یونین فری ٹریڈ معاہدے کے قریب تر

7 مئی 2013

کینیڈا یورپی یونین کے ساتھ ایک ایسا فری ٹریڈ معاہدہ طے کرنے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے، جو طویل عرصے سے التوا میں پڑا ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/18Tdg
تصویر: picture alliance/dpa

اوٹاوا میں اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کے مطابق کینیڈا کے یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے سلسلے میں اتنی مذاکراتی پیش رفت ہو چکی ہے کہ اب یہ معاہدہ طے پانے والا ہے۔ تاہم کینیڈین حکام نے اس بارے میں کسی نظام الاوقات کا تعین کرنے سے انکار کر دیا کہ یہ دوطرفہ سمجھوتہ کب تک طے پا جائے گا۔

اوٹاوا اور برسلز نے اس بارے میں بات چیت 2009 میں شروع کی تھی اور شروع میں توقع تھی کہ یہ مکالمت 2011 کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔ لیکن یہ بات چیت بروقت مکمل نہ ہو سکنے کی وجہ سے ڈیڈ لائن 2012 کے آخر تک کے لیے بڑھا دی گئی تھی۔ لیکن یہ بات چیت اتنی مشکل اور پیچیدہ ثابت ہوئی کہ گزشتہ برس کے آخر تک بھی مکمل نہ ہو سکی۔

اس سلسلے میں جن تجارتی شعبوں میں کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین ابھی تک اختلاف رائے پایا جاتا ہے، ان میں یہ بھی شامل ہے کہ کینیڈا مستقبل میں یورپی یونین کو کتنا بیف برآمد کر سکے گا۔ اس کے علاوہ یہ امر بھی ابھی تک حل طلب ہے کہ آئندہ یورپی کمپنیوں کو کس حد تک یہ آزادی حاصل ہو گی کہ وہ کینیڈا میں سرکاری ٹھیکے حاصل کرنے کے لیے ٹینڈر پیش کر سکیں۔

Pferdefleisch in Frankreich
کینیڈا مستقبل میں یورپی یونین کو بیف برآمد کر ے گاتصویر: Reuters

کینیڈا کے وزیر تجارت اَیڈ فاسٹ (Ed Fast) نےمنگل سات مئی کے روز اوٹاوا میں کہا کہ فریقین کے مابین اب صرف مٹھی بھر امور ایسے ہیں، جن پر تصفیہ ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطراف کے مذاکراتی نمائندے اس کوشش میں ہیں کہ باہمی تجارت کے حوالے سے باقی ماندہ متنازعہ معاملات بھی جلد از جلد حل کر لیے جائیں۔

یورپی یونین کے نمائندوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کی تفصیلات تقریباً مکمل ہو گئی ہیں۔ اس لیے برسلز اب اپنی توجہ امریکا کے ساتھ بھی ایسی ہی مکالمت شروع کرنے پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔ یہ یورپی امریکی تجارتی بات چیت ممکنہ طور پر جولائی میں شروع ہو سکے گی۔ برسلز کے لیے امریکا کے ساتھ ایسا معاہدہ طے کرنا اس لیے بھی بڑا ضروری ہے کہ امریکا یورپ کا انتہائی اہم تجارتی ساتھی اور دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے ہے۔ اس کے علاوہ امریکی معیشت کینیڈا کی معیشت سے دس گنا بڑی ہے۔

اَیڈ فاسٹ نے ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں یا ہاؤس آف کامنز کی تجارت سے متعلقہ امور کی کمیٹی کو بتایا کہ یورپ کے ساتھ بات چیت کی تکمیل میں کوئی ٹائم ٹیبل نہیں بلکہ مذاکرات اور معاہدے کا معیاری ہونا زیادہ ضروری ہے۔

یورپی اور کینیڈین نمائندوں کا کہنا ہے کہ آزاد تجارتی معاہدہ طے پا جانے کی صورت میں اطراف کے درمیان سالانہ بنیادوں پر قریب 28 بلین امریکی ڈالر کے برابر نیا کاروبار ممکن ہو سکے گا۔ یونین اور کینیڈا کے مابین اس مقصد کے لیے دو طرفہ مذاکرات کے تین روز تک جاری رہنے والے تازہ ترین دور کی میزبانی برسلز نے کی۔

ij / ai (Reuters)