نائجیریا میں انتخابی عمل دوبارہ مؤخر
4 اپریل 2011نائجیریا میں پارلیمانی انتخابات ہفتے کو منعقد ہونا تھے تاہم ووٹنگ کے لیے مواد اور عملہ بہت سے پولنگ سٹیشنوں تک نہ پہنچ سکا، جس کے نتیجے میں انتخابی عمل کو دو دن کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اب کہا گیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات نو اپریل، صدارتی انتخابات سولہ اپریل جبکہ صوبائی الیکشن چھبیس اپریل کو منعقد کرائے جائیں گے۔
نائجیریا کے چیف الیکشن کمشنر Attahiru Jega نے اتوار کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں مزید تاخیر کے لیے تمام فریقین نے زور دیا تھا، ’قومی اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے لیے سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے علاوہ تمام فریقین نے زور دیا تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے کہا تھا کہ ان انتخابات میں صرف دو دن کی تاخیر کرنا مناسب نہیں ہے۔
اس مرتبہ نائجیریا کے انتخابات کو بہت زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی مبصرین کے مطابق نائجیریا میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات منعقد کروانا الیکشن کمیشن کے لیے ایک کڑی آزمائش ثابت ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے نئے سربراہ Jega نے یہ عزم ظاہر کیا ہے کہ اس مرتبہ انتخابات شفاف طریقے سے منعقد کروائے جائیں گے۔ دوسری طرف صدر جوناتھن گڈلک نے بھی یہ عہد ظاہر کیا ہے کہ انتخابات غیر جانبدارانہ ہوں گے۔
اسی دوران الیکشن کمیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ ناقدین کے بقول انتخابات میں تاخیر قومی شرمندگی کا باعث ہے۔ سوالات اٹھائے جا رہے کہ اگر انتخابی تیاری مکمل نہیں ہوئی تھی تو ایک دن قبل Jega نے یہ اعلان کیوں کیا تھا کہ انتخابات کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ تاہم ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں نے اس صورتحال کے باوجود مثبت رویہ ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں تیاری کے لیے مزید وقت مل گیا ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک