نائجیریا کے قائم مقام صدر گُڈلَک نے کابینہ تحلیل کر دی
18 مارچ 2010گزشتہ ماہ نائجیریا کے پارلیمان نے اکثریتی ووٹ کے ذریعے 58 سالہ بیمار صدر عمارو یار آدوا کو مجبور کیا کہ وہ پوری طرح سے صحت یاب ہونے تک اقتدار سے دور رہیں۔ یار آدوا کا مسلسل تین ماہ تک سعودی عرب میں علاج چل رہا تھا۔ دل کے شدید عارضے میں مبتلا سیاسی رہنما عمارو یار آدوا نے اپنے نائب گُڈلَک جوناتھن کو اقتدار منتقل نہیں کیا تھا، جس کے باعث ملک میں سیاسی خلا پیدا ہوگیا تھا۔ صدر عمارو یار آدوا کی ملک واپسی کے بعد 53 سالہ گُڈ لَک جوناتھن پارلیمانی ووٹ سے ملک کے قائم مقام صدر نامزد ہوئے۔ جوناتھن نے نو فروری سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھالا۔
قائم مقام صدر نے محض ایک مہینے کے اندر ہی اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بیالیس ارکان پر مشتمل وفاقی کابینہ تحلیل کر دی۔ اس فیصلے کی نہ توکوئی وضاحت کی گئی اور نہ ہی نئی کابینہ تشکیل دی گئی۔
ملک کی وزیر اطلاعات ڈورا آکون یلی نے بدھ کی کابینہ میٹنگ کے بعد صحافیوں کو قائم مقام صدر کے فیصلے سے آگاہ کیا۔’’وفاقی جمہوریہ نائجیریا کے قائم مقام صدر گُڈلَک جوناتھن نے وفاقی ایگزیکٹیو یعنی کابینہ تحلیل کردی ہے۔‘‘ وزیر اطلاعات نے مزید بتایا:’’صدر نے ہمیں اپنے فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی، اس لئے میں بھی اس فیصلے کی وضاحت نہیں کر سکتی۔‘‘
نائجیریا کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے بعض تجزیہ کاروں اور مبصرین کے خیال میں قائم مقام صدر جوناتھن اب جلد ہی نئی کابینہ تشکیل دیں گے، لیکن اس میں اکثریت اُن کے وفاداروں کی ہوگی نہ کہ علیل رہنما عمارو یار آدوا کے حامیوں کی۔ بعض دیگر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تحلیل کردہ کابینہ میں شامل کچھ وزراء نئی کابینہ کا بھی حصہ ہوں گے۔
نائجیریا کی الیکٹورل ایجنسی نے منگل کو یہ اعلان کیا تھا کہ ملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات آئندہ سال کے آغاز پر ہی منعقد ہوں گے۔ اس اعلان کے بعد ملک کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ مبصرین کے مطابق قائم مقام صدر گُڈ لَک جوناتھن نے آئندہ انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کابینہ تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنی پسند کی کابینہ تشکیل دینے کے بعد وہ اپنا اثرو رسوخ قائم کر سکیں۔’دی نیوز میگزین‘ کے مدیر اور تجزیہ نگار بایو اونانوگا نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا، ’’اس فیصلے سے جوناتھن اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مؤثر طریقے سے حکومت کر سکیں۔ قائم مقام صدر صحیح معنوں میں اختیارات کے متمنی ہیں۔‘‘
آبادی کے لحاظ سے افریقہ کے سب سے بڑے ملک نائجیریا کے شمال میں ابھی حال ہی میں مذہبی فسادات کے نتیجے میں سینکڑوں افراد مارے گئے۔ نائجیریا کے جوس نامی شہر کے جنوب میں مسیحیوں کی اکثریت ہے جبکہ شمال میں مسلمانوں کی۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس شہر میں مسلم مسیحی فسادات میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے
ادارت: ندیم گِل