1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بولٹ پیرس ڈائمنڈ ریس جیت گئے

9 جولائی 2011

یوسین بولٹ نے پیرس ڈائمنڈ میٹنگ کی دوسو میٹر کی ریس باآسانی جیت لی ہے حالانکہ ان کے مقابلے میں کرسٹوف لیمیتر نے بھی بہت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

https://p.dw.com/p/11s2b
تصویر: AP

فرانس سے تعلق رکھنے والے کرسٹوف لیمیتر نے 200 میٹر کا فاصلہ 20.21 سیکنڈ میں جبکہ یوسین بولٹ نے یہ فاصلہ 20.03 سیکنڈ میں طے کیا۔ فرانس میں ابھی حال ہی میں Stade de France کے نام سے سن 2008ء کے بیجنگ اولمپکس کی طرز پر ایک اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا تھا، جمعے کے روز پیرس ڈائمنڈ ریس اسی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔

بولٹ کو دنیا کا سب سے تیز رفتار انسان بھی کہا جاتا ہے
تصویر: AP

یوسین بولٹ جب ریس کے لیے اس اسٹیڈیم میں داخل ہوئے، تو وہاں موجود تماشائیوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ یوسین بولٹ کی آمد کے بعد باقی ایتھلیٹس کی موجودگی خاصی حد تک پس منظر میں چلی گئی۔ یوسین بولٹ نے ریس سے قبل شائقین سے درخواست کی کہ وہ خاموش ہو جائیں تاکہ وہ دوڑ پر توجہ مرکوز کر سکیں، تاہم اس درخواست کے بعد بھی انہیں کئی منٹ انتظار کرنا پڑا۔

ریس میں تیسری پوزیشن پر امریکی ایتھلیٹ ڈاروِس پیٹن رہے، جنہوں نے مقررہ فاصلہ 20.59 سیکنڈ میں طے کیا۔

سن 2004ء کے ایتھنز اولمپکس میں سونے اور سن 2008ء کے بیجنگ اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ایک اور امریکی ایتھلیٹ شان کرافورڈ نے اس ریس میں ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 22.17 سیکنڈ میں طے کیا۔

مبصرین کے مطابق جمیکا سے تعلق رکھنے والے عالمی ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو اس ریس میں اپنی فتح سے یقینی طور پر اگلے ماہ منعقد ہونے والے ورلڈ چیمپئن شپ مقابلوں کے سلسلے میں مزید حوصلہ ملے گا۔

اگست کی 27 تاریخ سے لے کر چار ستمبر تک یہ عالمی چیمپئن شپ مقابلے جنوبی کوریا کے شہر Daegu میں منعقد ہوں گے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید