1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایتھلیٹکس کے عالمی چیمپیئن شپ مقابلوں کا آخری دن

23 اگست 2009

برلن میں جاری ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا آج آخری روز ہے۔ 15 اگست سے شروع ہونے اتھلیٹکس کے ان عالمی مقابلوں میں متعدد نئے ریکارڈز بنائے گئے، جبکہ اتھلیٹکس کے افق پر کئی نئی کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/JGsC
پولینڈ کی Anita Wlodarczyk نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد مسرت کا اظہار کر رہی ہیںتصویر: AP

12 ویں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے آخری روز کے کھیلوں کی ابتدا سے قبل ورلڈ اٹھلیٹکس فیڈریشن IAAF کے صدر لامِن ڈیاک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس چیمپیئن شپ کوانتہائی کامیاب قرار دیا۔ ڈیاک کے مطابق ان مقابلوں کے دوران زبردست کامیابیاں دیکھنے کو ملیں۔ انہوں نے جمائیکا کے اتھلیٹ یوسین بولٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بولٹ دنیائے کھیل کے نئے سپر سٹار بن کر سامنے آئے ہیں۔

Tyson Gay Viertelfinale 100 Meter WM Berlin
آج ان مقابلوں کا آخری دن ہےتصویر: picture alliance / landov

آج صبح کے وقت خواتین کی میراتھن ریس کا انعقاد ہوا جس میں چین کی بائے شوے نے سبقت حاصل کرکے نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ چین کو بھی گولڈ میڈل جیتنے والے ملکوں کی فہرست میں لاکھڑا کیا۔ چینی کھلاڑیوں نے گزشتہ روز تک ہونے والے مقابلوں میں ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغے جیت رکھے تھے۔ اس طرح میڈل ٹیبل پر چین کی پوزیشن بیسویں تھی۔ شوے نے یہ فاصلہ دو گھنٹے 25 منٹ اور 15 سیکنڈ میں طے کیا۔ دوسرے نمبر پر جاپان کی یوشینی اوساکی رہیں اور سلور میڈل کی حقدار ٹھہریں، جبکہ کانسی کا تمغہ ایتھوپیا کی ایسیلےمرجیا کے حصے میں آیا۔

آج اتوار کے روز دوسرے پہر ہونے والے فائنل مقابلوں میں خواتین کے لانگ جمپ اور مردوں کے جیولن تھرو یعنی نیزہ پھینکنے کے مقابلوں کے علاوہ مردوں کے 800 اور5000 میٹر دوڑ کے فائنل ہونا ہیں۔ خواتین کے 1500 میٹر دوڑ کے فائنل مقابلے بھی آج ہی ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ ریلے ریس میں 4x400 میٹرکے مردوں اور عورتوں کے فائنلز بھی آج ہی شیڈول ہیں۔

15 اگست سے شروع ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے گزشتہ روز 22 اگست کو آٹھ روز کے مقابلوں کے بعد میڈلز ٹیبل کی صورتحال کچھ اس طرح سے ہے۔ امریکہ سات سونے جبکہ مجموعی طور پر 17 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ جمائیکا سات سونے جبکہ مجموعی طور پر 12 تمغوں کے ساتھ دوسرے۔ کینیا چار گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے جبکہ روس بھی چار ہی سونے کے تمغوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ پولینڈ نے اب تک دو گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں اور پانچویں نمبر پر موجود ہے جبکہ جرمنی نے بھی دو گولڈ میڈل حاصل کررکھے ہیں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہے۔

اس چیمپیئن شپ میں 1984 اتھلیٹس نے شرکت کی جن میں 1086 مرد جبکہ 898 خواتین اتھلیٹس ہیں۔ ہفتہ 22 اگست تک ہونے والے مقابلوں میں اب تک تین نئے ورلڈ ریکارڈزجبکہ نوچیمپیئن شپ ریکارڈز بن چکے ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عاطف توقیر