1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیجنگ اولمپکس کا سولہواں روز

عاطف توقیر23 اگست 2008

بیجنگ اولمپکس کا سولہواں روز بھی میزبان چین کے لئے برتری کا ثابت ہوا۔ چین 49گولڈ ، 19سلور اور 28براؤنز میڈلز کے ساتھ تمغوں کے چارٹ پر سب سے اوپر ہے۔

https://p.dw.com/p/F3f3
تصویر: AP

امریکہ 34 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ روس21 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسرے جب کہ برطانیہ، سونے کے 19 تمغوں کے ساتھ چوتھے نمبر ہے۔جرمنی اب تک 41 تمغے حاصل کر پایا ہے۔ جن میں 16 طلائی، چاندی کے10اورکانسی کے 15تمغے شامل ہیں۔

بیجنگ اولمپکس گیمز میں جہاں مختلف کھلاڑی سونے اور چاندی کے تمغوں کی کشمکش میں مصروف ہیں وہیں برڈ نیسٹ اسٹیڈیم میں ایک چینی خاتون نے بچی کو جنم دیا۔ بیجنگ یونیورسٹی کی 21سالہ طالبہ کیان لی اپنے شوہر جیانگ کے ساتھ ایتھلیٹکس مقابلے دیکھنے آئی ہوئی تھیں۔ طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں اسٹیڈیم میں موجود ابتدائی طبّی امدادکے کمرے میں لے جایا گیا۔ جہاں انہوں نے ایک بچی کو جنم دیا۔ اولمپکس کمیٹی کے ارکان نے نومولود بچی کو اولمپک بے بی قرار دیا۔

بیجنگ اولمپکس اپنے حتمی مراحل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اتوار کو برڈ نیسٹ اسٹیڈیم بیجنگ میں اولمپکس کی رنگا رنگ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ جہاں اولمپکس پرچم برطانیہ کے حوالے کیا جائے گا۔اگلے اولمپکس 2012 میں لندن میں ہوں گے۔ برطانوی وزیرِاعظم گورڈن براؤن تقریب میں شرکت اور اولمپک پرچم حاصل کرنے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اولمپکس کے کامیاب انعقاد پر چین کو بھرپورخراجِ عقیدت پیش کیا ہے اورانتظامات کی تعریف کی ہے۔

Britta Steffen gewinnt Gold bei Olympia China 2008
تصویر: picture-alliance/dpa

اولمپکس ہاکی ایونٹ میں آسٹریلیا نے ہالینڈ کو ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ جیتا۔جب کہ ہاکی ایونٹ کے فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جرمنی نے اسپین کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دینے میں کامیاب رہا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔

خواتین کی ماؤنٹین بائیک میں جرمنی کی سبائن سپِٹزنے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کی کشتی رانی کے مقابلوں میں کین ویلیسی نے آسٹریلیا کے لئے سونے کا تمغہ جیتا۔

عراقی ایتھلیٹ دانا حسین نے بیجنگ میں ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے شدید بمباری اوربلیک آؤٹس میں اولمپکس کی تیاری کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم کوئی تمغہ نہیں جیت پائے لیکن اولمپکس میں ہماری شرکت ہمارے لئے کسی تمغے سے کم نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پٹھے ہوئے جوتوں کے ساتھ بیجنگ پہنچی تھیں اور اولمپک ویلج کے ایک رضا کار نے انہیں جوتے فراہم کئے۔ انہوں نے امریکہ اور اتحادی ممالک کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’’ ہم نے انتہائی مشکل حالات میں اولمپکس میں حصہ لیا ،بڑے ملکوں نے کھیل کے شعبے میں ہماری کوئی مدد نہیں کی۔‘‘

Olympia Peking 2008 - Alexander Grimm holt Kanu-Slalom-Gold
تصویر: picture-alliance/ dpa

اولمپکس میں 100اور200 میٹر کی ریس میں دو گولڈ میڈل حاصل کرنے والے۔ جمیکا کے ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے کہا کہ ان کے لئے دو گولڈ میڈل حاصل کرنا خاصا مشکل تھا مگر وہ وطن سے یہ طے کر کے آئے تھے کہ ان اولمپکس میں وہ انتہائی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 200میٹر ریس کا ٹریک بہت تیز تھا مگر وہ اس کے لئے پہلے سے تیار تھے۔

امریکہ نے بیچ والی بال میں خواتین کے بعد مردوں کے ٹیم ایونٹ کا گولڈ میڈل بھی اپنے نام لکھو ا لیا۔ امریکہ نے برازیل کو 15-4،17-2 اور 23-21 سے شکست دے دی۔

Olympia 2008 Peking Fußball Italien gegen Kamerun
تصویر: AP

اولمپکس فٹ بال میں ارجنٹائن نے نائجیریا کو ہرا کر گولڈ میڈل جیت لیا ۔سنسنی خیز مقابلے میں نائجیریا نے ارجنٹائن کے گول پر متوتر حملے کئے مگر انہیں کامیابی نہ مل پائی۔ دوسرے ہاف تک مقابلہ صفر -صفر سے برابر تھامگر وقفے کے بعد ارجنٹائن نے خوبصورت کھیل پیش کیا اور میچ کے 58ویں منٹ میں ماریہ اینجل نے گول کر کے ارجنٹٓائن کوبرتری دلا دی جو میچ ختم ہونے تک برقرار رہی۔

اولمپکس ہاکی ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین شکست پر ایک انکوئری کمیٹی بنا ئی جا رہی ہے۔ جو ناقص کارکردگی کی تحقیقات کر کے 4 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔اس کمیٹی کا اعلان اتوارکو متوقع ہے۔ جس میں سابق ہاکی کپتان حسن سرداراورشہبازسنئیرشامل ہوں گے۔