1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو2012کوالیفائنگ: جرمنی کی بیلجیئم پر فتح

4 ستمبر 2010

جنوبی افریقہ میں فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن پرآنے کے بعد جرمن قومی ٹیم نے یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ 2012کے ایک کوالیفائنگ میچ میں جمعہ کی رات بیلجیئم کو صفر ایک سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/P4NP
جرمن کوچ یوآخم لؤوتصویر: AP

یہ میچ یورو2012کہلانے والی اگلی یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کے کوالیفائنگ مرحلے کا جرمنی کا پہلا میچ تھا۔برسلز میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمن کوچ یوآخم لؤوکی ٹیم کو یورو 2012 کے لئے گروپ اے میں بہت اچھا سٹارٹ ملا۔ تاہم جرمن کھلاڑیوں کا کھیل اس میں بہت اعلیٰ معیار کا نہیں تھا، جس کا انہوں نے جولائی میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے دوران مظاہرہ کیاتھا۔

اس میچ کے پہلے ہاف میں جرمنی کے مقابلے میں بیلجیئم کی ٹیم نے بہترکھیل کام مظاہرہ کیا مگر جرمن گول کیپر مانوئل نوئر نے مخالف ٹیم کی گول کرنے کی کئی بڑی اچھی کوششیں کامیاب نہ ہونے دیں۔جرمنی کی طرف سے واحد گول فارورڈ کھلاڑی کلوزے نے دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں کیا۔ یہ گول کلوزے کی طرف سے کسی بین الاقوامی میچ میں جرمنی کے لئے کیا جانے والا 53 واں گول تھا۔

Fußball WM 2010 Deutschland Argentinien Flash-Galerie
جرمن گول کیپر مانوئل نوئرتصویر: AP

بیلجیئم کی ٹیم نے جرمنی کے خلاف گول کرنے کی اپنی کوششیں آخر تک جاری رکھیں تاہم اسے کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ یوں میزبان ٹیم یورو 2012 کے لئے گروپ اے کا اپنا پہلا کوالیفائنگ میچ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گئی۔

اس میچ کے بعد جرمن کوچ یوآخم لؤو نے کہا کہ ان کی ٹیم کے لئے یہ فتح بہت ضروری تھی اور اس میچ میں جرمن کھلاڑی بڑے جذبے کے ساتھ اور ایک ٹیم کے طور پر مل کر کھیلے۔یورو 2012 کے کوالیفائنگ مرحلے میں جرمن ٹیم کا اگلا میچ اب جمعرات کوجرمن شہر کولون میں آذربائیجان کے خلاف ہو گا ۔ آذربائیجان کی ٹیم کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے موجودہ کوچ فوگٹ ماضی میں جرمن قومی ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

قومی ٹیم کے ان کوالیفائنگ میچوں کی وجہ سے جرمنی میں اس ہفتے بنڈس لیگا کا کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ عصمت جبیں

ادارت :کشور مصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں