1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالاک بدستور جرمن فٹ بال ٹیم کے کپتان

2 ستمبر 2010

جنوبی افریقہ میں فٹ بال کے ورلڈ کپ میں اپنی انجری کے باعث نہ کھیل سکنےو الے جرمن کھلاڑی مشائیل بالاک کو دوبارہ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/P2E0
مشائیل بالاکتصویر: AP

جرمن قومی ٹیم کے کوچ یوآخم لؤو نے اعلان کیا ہے کہ جب مشائیل بالاک ٹیم میں واپس لوٹیں گے، تو وہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ یورپ میں اگلے چند ہفتوں میں یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کے کوالیفائنگ مقابلوں کا آغاز ہونے والا ہے۔ یہ کوالیفائنگ میچ اس وقت پورے یورپ میں فٹ بال کے منظر نامے پر ایک بڑی سرگرمی تصور کئے جا رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے فٹ بال کے عالمی کپ میں جرمن ٹیم کی کپتانی کرنے والے دفاعی کھلاڑی فلیپ لاہم کو مشائیل بالاک کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ آج کل مشائیل بالاک اپنی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں بائر لیورکوزن نامی کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ صرف پہلا میچ وہ مکمل طور پر نوے منٹ تک کھیل سکے تھے۔ دوسرے میچ میں وہ کھیل کے دوران باہر آ گئے تھے۔ ایسے اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ بالاک اپنے ٹخنے کی ہڈیوں سے ملانے والی مضبوط ریشہ دار پٹیوں کی چوٹ سے پوری طرح صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں۔

Kombobild Philipp Lahm und Michael Ballack Flash-Galerie
مشائیل بالاک اور فلپ لہمتصویر: AP/Montage DW

بالاک یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ منعقدہ سن 2004 سے جرمن ٹیم کے کپتان چلے آ رہے ہیں۔ 33 سالہ بالاک مڈ فیلڈر ہیں اور دفاعی اور جارحانہ کھیل کھیلنے والے کھلاڑیوں کے درمیان مناسب تال میل کی وجہ سے بڑی شہرت رکھتے ہیں۔

جنوبی افریقہ میں گزشتہ فیفا ورلڈ کپ میں اوسط عمر کے لحاظ سے جرمن ٹیم کو دوسری سب سے نوجوان ٹیم قرار دیا گیا تھا اور اپنے جاندا رکھیل سے اس نے شائقین کے ساتھ ساتھ مبصرین اور ناقدین کے دل بھی موہ لئے تھے۔ جرمن ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ بالاک کے حوالے سے ورلڈ کپ کے بعد قومی کوچ یوآخم لؤو اور مینیجر اولیور بیئرہوف نے ڈھکے چھپے انداز میں کہا تھا کہ اب انجری کے شکار بالاک کی ٹیم میں گنجائش نہیں۔ ان بیانات سے جرمنی میں فٹ بال کے حلقوں میں ایک نزاعی بحث کا آغاز ہو گیا تھا جو بالآخر ان کے دوبارہ کپتان بنائے جانے کے اعلان پر ختم ہو گئی ہے۔

یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کے سلسلے میں جرمن ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ کے سلسلے میں پہلا میچ جمعہ تین ستمبر کو بیلجیئم کے خلاف کھیلنا ہے۔ اس میچ کے لئے قومی کوچ نے بالاک کو ٹیم کے لئے منتخب نہیں کیا ہے۔ اس کے چار دن بعد جرمن ٹیم آذربائیجان کے خلاف میچ کھیلے گی۔ آٹھ اکتوبر کو برلن میں جرمن ٹیم کا مقابلہ ترکی سے ہو گا اور اس کے بعد وہ قزاقستان کے خلاف کھیلے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں