ہسپانوی فارورڈ فرنانڈو ٹورس اب چیلسی میں
1 فروری 2011فٹ بال کی دنیا کے ان دو معروف سٹرائکرز کے علاوہ چیلسی کی طرف سے ہی بینفیکا (Benfica) کلب کے دفاعی کھلاڑی ڈیوڈ لوئز کو خریدا گیا جس سے پیر کے روز، جو کھلاڑیوں کی کسی ایک کلب سے دوسرے کلب میں منتقلی کا آخری روز تھا، اس خرید و فروخت پر 100 ملین پاؤنڈ سے زیادہ خرچ کیے گئے۔ یہ رقم 160.5 ملین امریکی ڈالر کے قریب بنتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چیلسی نے ٹورس کو اپنے کلب میں شامل کرنے کے لیے 50 ملین پاؤنڈ ادا کیے، جس سے اس خرید سے کچھ ہی دیر قبل برطانوی تاریخ میں کسی کھلاڑی کی مہنگی ترین منتقلی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ یہ ریکارڈ 22 سالہ اینڈی کیرول کی طرف سے لیورپول کے ساتھ ساڑھے پانچ سالہ معاہدے کی شکل میں بنا تھا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اس کے عوض 35 ملین پاؤنڈ حاصل کیے۔
لیور پول کلب کے مینیجر کینی ڈالگلش کے خیال میں فرنانڈو ٹورس کی چیلسی کلب کو فروخت سے پیدا ہونے والا خلاء محض اینڈی کیرول کے ذریعے پُر نہیں ہو سکتا تھا۔ لہٰذا اس کلب نے یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی لوئس سواریز کو Ajax سے 26.5 ملین پاؤنڈ کے عوض حاصل کیا۔
ان منتقلیوں کے بعد ممکنہ طور پر اب ٹورس اتوار کے روز چیلسی کی نیلی شرٹ پہنے لیور پول کے خلاف میدان میں اتریں گے، جب برطانوی پریمیئر لیگ کے سلسلے میں لیور پول اور چیلسی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس موقع پر چیلسی کے شائقین کی طرف سے ٹورس کو بھرپور انداز سے خوش آمدید کہا جائے گا۔
ٹورس نے چیلسی کلب کے ٹیلی وژن چینل پر اس منتقلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’چیلسی جیسے کلب کے لیے کھیلنا میرے فٹ بال کیریئر میں آگے کی جانب ایک اہم قدم اور کامیابی ہے۔‘‘ ٹورس نے لیور پول کی جانب سے 142 میچ کھیلتے ہوئے 81 گول کر رکھے ہیں۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک