ایشیا کپ کا فائنل جاپان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری
29 جنوری 2011دونوں ٹیمیں ہاف ٹائم تک کوئی گول نہیں کرسکی ہیں۔ دوہا کے خلیفہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس فائنل کے پہلے ہاف میں آسٹریلوی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے مگر جاپانی گول کیپر Eiji Kawashima نے انہیں کامیابی سے ناکام بنادیا۔ انہی مواقع میں سے ایک آسٹریلوی کھلاڑی Harry Kewell کی گول کے قریب کی گئی ایک کوشش بھی شامل تھی۔
جاپانی فٹبال ٹیم کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل جیت کر مسلسل چار مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرے۔ دوسری طرف دوسری مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے۔
سات جنوری سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے میچ گزشتہ روز کھیلا گیا تھا۔ السعد اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں جنوبی کوریا نے ازبکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی تھی۔
یہ ٹورنامنٹ مغربی فٹبال کلبز کے لیے بھی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے، کیونکہ اے سی میلان، آرسنل اور لیور پول جیسے معروف یورپی فٹبال کلب ایشیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں میں شامل کرنے کے متمنی ہیں۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: شادی خان سیف