ہاکی کی 37 ویں چیمپئنز ٹرافی: گرین شرٹس کو دوسری شکست
24 جون 2018ہاکی کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنر ٹرافی کا چوبیس جون کو تیسرا اور آخری میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کے نویں منٹ میں پاکستان نے پہلا گول کرتے ہوئے برتری حاصل کی لیکن اس کو آسٹریلوی ٹیم نے تین منٹ بعد ہی برابر کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے گول اعجاز احمد نے کیا۔
پہلے حصے کے اختتام پر یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دوسرے حصے میں بھی دونوں ٹیموں نے عمدہ ہاکی کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں آسٹریلوی ٹیم نے دوسرا گول کر کے میچ میں سبقت حاصل کر لی اور انجام کار وہ میچ جیت گئی۔
پاکستان کی ہاکی ٹیم نے ایک روز قبل بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے مقابلے میں آسٹریلوی ٹیم کے خلاف بہتر پرفارمنس دی۔ آسٹریلیا نے اتوار کا میچ جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ پاکستانی ٹیم ابتدائی دونوں میچ ہار چکی ہے۔ وہ کوئی پوائنٹ نہیں رکھتی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن ہے۔ پانچویں پر بیلجیم کی ٹیم ہے۔ اُس کا ایک پوائنٹ ہے۔ پچیس جون بروز پیر ٹورنامنٹ میں وقفہ ہے اور کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ چھببیس جون کو میزبان ملک ہالینڈ کے خلاف ہے۔
اتوار کے روز ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں بھارت ارجنٹائن کو شکست دے کر پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت کی جانب سے دونوں گول پنالٹی کارنر پر ہرمانپریت سنگھ اور مندیپ سنگھ نے کیے۔ ارجنٹائن نے ایک گول کیا۔
ٹورنامنٹ کا پانچواں میچ ہالینڈ اور بیلجیم کے درمیان تھا۔ یہ میچ قدرے یک طرفہ رہا اور میزبان ٹیم نے بیلجیم کو ایک گول کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا۔ وقفے تک ڈچ ٹیم نے پانچ گول کر دیے تھے۔ گول اوسط سے ہالینڈ اب تیسری پوزیشن پر ہے۔ ارجنٹائن کا چوتھا مقام ہے۔
بھارت کی ہاکی ٹیم نے مسلسل دو میچ جیت کر چھ قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ ہفتہ تیئیس جون کو بھارتی ٹیم نے پاکستان کو چار گول سے ہرایا تھا۔ پاکستانی ٹیم کوئی گول نہیں کر سکی تھی۔ پاکستانی ٹیم کی اس وقت پوزیشن سب سے نیچے ہے۔
ارجنٹائن نے ٹورنامنٹ کے پہلے دن میزبان ہالینڈ کو ایک مقابلے میں دو گول سے ہرایا تھا۔ بیلجیم اور آسٹریلیا کا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ ہالینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ یکم جولائی کو کھیلا جائے گا۔