1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آخری چیمپیئنز ٹرافی: ’پاکستانی ہاکی ٹیم میں دم نظر آرہا ہے‘

عاصمہ کنڈی
2 جون 2018

پاکستان ہاکی ٹیم اتوار تین جون کو دورہ یورپ اور چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہالینڈ روانہ ہورہی ہے۔ ٹیم کے منیجر حسن سردار کہتے ہیں کہ چمپئنز ٹرافی میں وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنا ٹیم کا ہدف ہے اور موجودہ ٹیم بھارت کو ہرا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2ypsE
Pakistan Eishockeymannschaft
تصویر: DW/T. Saeed

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کراچی میں ایک روزہ ٹرائل کے بعد 22 کھلاڑیوں کو ایمسٹرڈم بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سے حتمی ٹیم کا انتخاب ہالینڈ سے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار کہتے ہیں کہ چمپئنز ٹرافی میں وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنا ٹیم کا ہدف ہے اور موجودہ ٹیم بھارت کو ہرانے کی اہل ہے۔

دورہ یورپ کے پہلے مرحلے میں پاکستان کو ہالینڈ کے خلاف ون آف انٹرنیشنل سے پہلے آسٹریا کے خلاف تین بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔ یہ میچ گیارہ، تیرہ اور چودہ جون کو ہوں گے۔ روانگی سے قبل پاکستان ٹیم کے کوچ اور سابق کپتان محمد ثقلین نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ ایبٹ آباد اور کراچی کے تربیتی کیمپس میں دلجمعی سے حصہ لینے کے بعد پاکستانی کھلاڑی چمپیئنز ٹرافی جیسے بڑے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ ٹیم کی جسمانی فٹنس میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے اور حالیہ ’یویو‘ ٹیسٹ میں کم ازکم اسکور 20  کے معیار پر پورا اترنے والوں کو ہی اسکواڈ میں جگہ مل سکی۔

ایک سوال کے جواب میں محمد ثقلین کا کہنا تھا، ’’کوچنگ اسٹاف نے پینالٹی کارنر کا شعبہ بہتر بنانے پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔ عصرحاضر کی ہاکی میں کامیابی کےلیے پینالٹی کارنر پر گول کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ ہم نے اس شعبہ میں میں ورائٹی کی غرض سے چار پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ تیار کیے ہیں جن میں مبشرعلی اور علیم بلال فلِک کرنے پر ملکہ رکھتے ہیں۔‘‘

چیمپیئنز ٹرافی ورلڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان افتتاحی میچ میں 23 جون کو روایتی ہمسایہ حریف بھارت کے مدمقابل ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں اولمپک چیمپیئن ارجنٹینا، عالمی چیمپیئن آسٹریلیا، اولمپکس رنرز اپ بیلجیئم اور میزبان ہالینڈ کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔ چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جس کی بنیاد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مرحوم صدر ایئر مارشل نورخان نے رکھی تھی اور 1978ء میں ٹورنامنٹ کے پہلے ایڈیشن کی میزبانی بھی پاکستانی شہر لاہور نے کی تھی، اب اس کا 37 واں اور آخری ایڈیشن بریڈا ہالینڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ اگلے برس سے انٹرنینشل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے چیمپیئنز ٹرافی ختم کر کے اس کی جگہ پرو ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین کے مطابق، ’’دولت مشترکہ کھیلوں کے بعد کھلاڑیوں میں ہم آہنگی بڑھی ہے اور ٹیم بنتی نظر آرہی ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان بھارت، بیلجیئم اور ارجنٹینا کو ہرانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے لیے اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ اس کے پوائنٹس نا صرف رواں برس ہونے والے عالمی کپ میں پاکستانی رینکنگ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں بلکہ ٹوکیو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں بھی اہم ہوں گے۔‘‘

Belgien Hockey World League Semifinale Indien vs. Pakistan
چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان بھارت، بیلجیئم اور ارجنٹینا کو ہرانے کی اہلیت رکھتا ہے، محمد ثقلینتصویر: DW/A. Baloch

سابق پاکستانی کپتان ڈاکٹرطارق عزیز نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ انہیں اس ٹیم سے خاطر خواہ امید نہیں لیکن حالیہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ٹیم کے میچز دیکھنے سے اندازہ ہوا کہ ٹیم کا دفاع پہلے سے بہتر ہوا ہے۔ لیکن ڈاکٹر طارق کے بقول یہ معمولی سی بات بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کی میچ جیتنے کے لیے کھلاڑیوں کو اپنی گول کرنے کی صلاحیت بھی بڑھانا ہوگی۔

Pakistan Eishockeymannschaft
’علیم بلال فلِک کرنے پر ملکہ رکھتے ہیں‘تصویر: DW/T. Saeed

1968ء کا میکسکو اولمپک جیتنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ڈاکٹر طارق عزیز نے مزید کہا کہ وکٹری اسٹینڈ پر آنے کے لیے پی ایچ ایف کو انڈر 17ٹیم کی تشکیل کرنا ہوگی اور اس کا غیرملکی کوچ مقرر کرنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ تجربہ 1978ء میں کیا تھا جس سے کلیم اللہ، منظور جونیئر اور رشید الحسن جیسے ورلڈ کلاس کھلاڑی سامنے آئے۔

دورہ یورپ کے لیے پاکستانی نامزد کھلاڑیوں کی فہرست یہ ہے۔ عمران بٹ، امجد علی، مظہر عباس، عرفان سینیئر، مبشر، علیم بلال، عماد شکمی، توثیق ارشد، راشد علی، تصور عباس، رضوان جونیئر، ابو بکر،عرفان جونیئر، ارسلان قادر،عمر بھٹہ، رضوان سینیئر، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز علی، رانا سہیل اور محمد دلبر۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں