1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چانسلر میرکل اسکیئنگ کرتے زخمی

امجد علی6 جنوری 2014

جرمن چانسلر انگیلا میرکل سوئٹزرلینڈ میں کراس کنٹری اسکیئنگ کے دوران گر جانے سے زخمی ہو گئی ہیں اور اُنہوں نے اپنی تمام میٹنگز منسوخ کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اُن کی حالت معمول پر آنے میں تین ہفتے تک کا وقت لگ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Alyp
تصویر: picture-alliance/dpa

صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے میرکل کے ترجمان اسٹیفان زائبرٹ نے بتایا کہ 59 سالہ جرمن سربراہِ حکومت نےاس ہفتے بین الاقوامی رہنماؤں کے ساتھ اپنی دو ملاقاتیں منسوخ کر دی ہیں اور اگلے تین ہفتوں کے لیے اپنے پروگرام کو محدود کر دیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ میرکل کو کولہے پر زخم آئے ہیں، اس لیے اگلے تین ہفتوں کے دوران اُن کے لیے یہ ضروری ہو گا کہ وہ زیادہ دیر تک کے لیے لیٹ کر آرام کریں اور چلتے وقت کسی سہارے کی مدد لیں۔ شروع میں خیال تھا کہ اُنہیں محض گرنے سے تکلیف ہو رہی ہے تاہم واپس برلن پہنچنے پر پتہ چلا کہ اُنہیں کولہے میں فریکچر ہوا ہے۔

اپریل 2011ء کی ایک تصویر، اب اسکیئنگ کے دوران زخمی ہو جانے کے بعد بھی جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو چلتے وقت اسی طرح کسی سہارے کی مدد لینا پڑے گی
اپریل 2011ء کی ایک تصویر، اب اسکیئنگ کے دوران زخمی ہو جانے کے بعد بھی جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو چلتے وقت اسی طرح کسی سہارے کی مدد لینا پڑے گیتصویر: picture-alliance/dpa

ترجمان نے اس امر پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کی بحالی کے دوران کاروبارِ حکومت سے لا تعلق نہیں رہیں گی اور چند ایک میٹنگز کے لیے برلن میں اپنے چانسلر آفس بھی جائیں گی تاہم زیادہ تر اپنے گھر پر رہتے ہوئے اپنی ذمے داریاں سرانجام دیں گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس حادثے کے باوجود بدھ آٹھ جنوری کو میرکل کی قیادت میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہو گا، جو کہ اُن کی نئی ’بڑی مخلوط حکومت‘ کا نئے سال 2014ء میں پہلا اجلاس ہو گا۔

پروگرام کے مطابق میرکل کو بدھ ہی کے روز ایک دورے پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا جانا تھا جبکہ جمعرات کو لکسمبرگ کے وزیر اعظم کو برلن کے دورے پر آنا تھا۔ اب ان دونوں دوروں کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ آج میرکل پولینڈ اور لکسمبرگ کے وزرائے اعظم کو فون کرنے والی ہیں اور اُنہیں دوروں کی منسوخی کے حوالے سے ذاتی طور پر آگاہ کرنے والی ہیں۔

میرکل کو اسی مہینے سوئٹزرلینڈ میں داووس کے مقام پر عالمی اقتصادی فورم میں بھی شرکت کرنا تھی تاہم حادثے کے باعث اب میرکل دوبارہ سوئٹزرلینڈ بھی نہیں جائیں گی۔

میرکل کے زخمی ہو جانے کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے، جب جرمنی ہی کے فارمولا وَن موٹر ریسنگ کے سابق عالمی چیمپئن مشائیل شوماخر اسکیئنگ کے دوران سر میں چوٹ لگنے کے بعد فرانس کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور اُن کی حالت بدستور نازک ہے۔