مشائل شوماخر کی 45 ویں سالگرہ، مداح دعا گو
3 جنوری 2014فرانس کے ایک ہسپتال میں زیر علاج مشائل شوماخر کے گھر والوں کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں شو ماخر کے ایسے تمام مداحواں کا شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے شو ماخر کے ایکسیڈنٹ کے بعد ان کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’ہم جانتے ہیں کہ وہ (شوماخر) ایک فائٹر ہے اور کبھی بھی ہار نہیں مانیں گے۔‘‘
مشائل شوماخر اتوار کے دن اپنے چودہ سالہ بیٹے کے ساتھ فرانس کے تفریحی مقام میربیل میں اسکیئنگ کرتے ہوئے ایک حادثے کے شکار ہو گئے تھے۔ ان کے سر پر گہری چوٹ لگی تھی، جس کے بعد انہیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔
ان کاعلاج جاری ہے جبکہ ان کی ریکوری سے متعلق متضاد خبریں موصول ہو ہی ہیں تاہم ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت اگرچہ نازک ہے تاہم وہ مستحکم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہ ابھی تک کومے کی حالت میں ہیں۔ ڈاکٹروں کے بقول اگرچہ ان کی حالت میں بہتری ہوئی ہے تاہم وہ مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں آئے ہیں۔
سالگرہ کے دن خاموش اجتماع
2012ء میں فارمولا ون سے مکمل طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے جرمن ڈرائیور نے سات مرتبہ فارمولا ون کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ وہ انیس برس فارمولا ون ریسنگ کی زینت رہے۔
شوماخر کی سابق ٹیم فیراری نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج بروز جمعہ شو ماخر کی 45 ویں سالگرہ کے دن ان کے ہسپتال کے باہر ایک ’خاموش اجتماع‘ کا انعقاد کرے گی۔ شوماخر فرانس کے جنوب مشرقی شہر گرونوبل کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
فیراری کے بقول خصوصی بسیں فرانس اور اٹلی کے مختلف مقامات سے شوماخر کے مداحوں کو ان کے ہسپتال کے باہر پہنچائیں گی، جہاں وہ شوماخر کی 45 ویں سالگرہ کے دن ان کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خاموش اجتماع انتہائی احترام کے ساتھ شوماخر کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کرے گا۔