پٹڑی سے اتر جانے والی میٹرو ٹرین کو ’وہیل مچھلی‘ نے روک لیا
2 نومبر 2020یہ واقعہ روٹرڈیم کے نواح میں Spijkenisse کے مقام پر ایک ایسی مقامی ٹرام کو پیش آیا، جسے اس کا ڈرائیور زمین سے کافی بلندی پر بنے ہوئے آخری اسٹیشن پر روکنا چاہتا تھا۔ لیکن یکدم اس میٹرو ٹرین نے رفتار پکڑ لی اور پٹڑی کے آخری سرے پر بنے ہوئے حفاظتی بند سے ٹکرا کر اسے توڑتی ہوئی باہر نکل گئی۔
پٹڑی سے سیدھی وہیل کی دم پر
چاروں طرف سے پانی میں گھرا ہوا یہ اسٹیشن کنکریٹ کے بڑے بڑے ستونوں کی مدد سے زمین سے کافی بلندی پر بنا ہوا ہے۔ اس لیے یہ لازمی تھا کہ یہ میٹرو پٹڑی سے اترنے کے بعد کافی اونچائی سے سیدھی زمین پر جا گرتی۔ لیکن یہی بات اس حادثے کا سب سے حیران کن پہلو ہے کہ جو کچھ یقینی طور پر ہو سکتا تھا وہی نہ ہوا۔
بغیر ڈرائیور والی کار کا حادثہ، سیفٹی ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ
اس اسٹیشن کے نیچے پانی کے کنارے عظیم الجثہ فن پاروں کے طور پر دھات کی بنی ہوئی دو بہت بڑی بڑی وہیل مچھلیاں بھی ہیں۔ میٹرو ٹرین جب پٹڑی سے اتر کر باہر کو نکلی تو دونوں میں سے ایک وہیل مچھلی نے اسے اپنی دم سے روک لیا اور یہ زمین پر گرنے کے بجائے ہوا میں معلق ہو کر رہ گئی۔
فن پارے کی فنکارانہ حرکت
وہیل مچھلی نے اس میٹرو کو اپنی دم سے اس لیے روکا کہ قریب قریب نصب کیے گئے دو فن پاروں کے طور پر یہ وہیل مچھلیاں اس طرح بنائی گئی ہیں، جیسے یہ کھیلتے کھیلتے پانی میں اس طرح چھلانگ لگا رہی ہوں کہ ان کے سر تو پانی میں ہوں لیکن دمیں ہوا میں۔
پاکستان میں ریل گاڑی بس سے ٹکرا گئی، انیس سکھ یاتری ہلاک
اس واقعے کے فوری بعد موقع پر پہنچنے والے امدادی کارکن بھی یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ 'فن پاروں کے طور پر بنائی گئی‘ وہیل مچھلیوں میں سے ایک نے کتنے 'فنکارانہ' طریقے سے اس میٹرو ٹرین کو دس میٹر کی بلندی سے نیچے سے گزرنے والے نہر میں گرنے سے بچا لیا تھا۔
ڈرائیور بھی خود ہی نیچے اتر آیا
مقامی میٹرو کمپنی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں کہ یہ حادثہ کیوں پیش آیا، تاہم اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس میٹرو ٹرین کا ڈرائیور بھی وہیل مچھلی کی دم پر رکی ہوئی اس ٹرام کی پہلی بوگی میں اپنے کیبن سے باہر نکل کر خود ہی بحفاظت نیچے اتر آیا تھا۔ آخری اسٹیشن ہونے کی وجہ سے اس وقت اس سب وے ٹرین میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
اس حادثے میں میٹرو ٹرین کا کافی نقصان پہنچا اور امدادی کارکن اسے کرین کے ذریعے وہیل مچھلی کی دم سے اٹھا کر واپس پٹڑی پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
م م / ع ا (ڈی ی اے، اے آر ڈی، اے پی ای)