1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ریل گاڑی بس سے ٹکرا گئی، انیس سکھ یاتری ہلاک

3 جولائی 2020

پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں ایک ریل گاڑی کے ایک بس سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں کم از کم انیس سکھ یاتری ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ ایک ایسی ریلوے کراسنگ پر پیش آیا، جہاں ریلوے کا کوئی نگران کارکن موجود نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/3ejjs
تصویر: Reuters/C. Firouz

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق سکھ یاتریوں سے بھری ہوئی بس ایک ریلوے کراسنگ عبور کر رہی تھی کہ اسی وقت ایک طرف سے آنے والی ایک ریل گاڑی کی زد میں آ گئی۔

مقامی پولیس کے سربراہ محمد اکرم نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ شیخوپورہ کی شہری حدود میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے میں کم از کم 17 سکھ یاتری ہلاک ہو گئے۔ مقامی میڈیا نے ہلاک شدگان کی تعداد 19 بتائی ہے۔

محمد اکرم کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد میں سے کئی کی حالت نازک ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہ سکھ یاتری شیخوپورہ کے قریبی شہر ننکانہ صاحب جا رہے تھے، جو سکھ مت کے پیروکاروں کے لیے ان کے مقدس ترین مذہبی مقامات میں سے ایک ہے۔

پاکستان ریلوے کے ایک ترجمان کے مطابق جو ریل گاڑی ان سکھ زائرین کی بس سے ٹکرائی، وہ جنوبی شہر کراچی سے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور جا رہی تھی۔

م م / ش ح (ڈی پی اے)