میرکل چوتھی مرتبہ جرمن چانسلر منتخب
14 مارچ 2018آج جرمن پارلیمان کے 364 ارکان نے انگیلا میرکل کے حق میں ووٹ ڈالا ہے جب کہ 315 ارکانِ پارلیمان نے میرکل مخالفت کی۔ اس طرح انگیلا میرکل چوتھی مرتبہ ملک کی چانسلر منتخب ہوگئی ہیں۔ چانسلر کے عہدے پر فائز انگیلا میرکل کو مشرقی جرمنی سے تعلق رکھنے والی پہلی سیاستدان کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل نے انہیں 1991ء میں اپنی کابینہ میں خواتین اور نوجوانوں کا امور کا وزیر مقرر کیا تھا۔ انگیلا میرکل کو ’کوہلز میڈشن‘ یعنی ہلموٹ کوہل کی لڑکی کہا جاتا تھا۔
جرمنی کی مخلوط حکومت چانسلر میرکل کی سی ڈی یو، ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل ہے۔ 709 نشستوں پر مشتمل وفاقی پارلیمان میں سی ڈی یو، سی ایس یو اور ایس پی ڈی کو 399 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے۔ جب کہ میرکل کو چوتھی مرتبہ چانسلر منتخب ہونے کے لیے 355 ارکان کی حمایت درکار تھی۔
نئی جرمن کابینہ میں کون کون سے سوشل ڈیموکریٹس شامل ہوں گے
میرکل کی جماعت حکومتی معاہدے پر راضی
بعد ازاں جرمن چانسلر میرکل اور ان کی نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔ چانسلر میرکل کی نئی کابینہ میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ’ایس پی ڈی‘ کے چھ وزراء، کرسچن ڈیموکریٹک یونین 'سی ڈی یو' کے پانچ اور جرمن صوبے باویریا کی کرسچن سوشلسٹ یونین 'سی ایس یو' کے تین وزراء شامل ہیں۔
واضح رہے جرمنی میں گزشتہ چار سال کرسچن ڈیموکریٹک یونین اور سوشلسٹ جماعت کی مخلوط حکومت تھی۔ تاہم سوشل ڈیموکریٹس نے ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں اپنی تاریخ کے بد ترین نتائج کے بعد اپوزیشن میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔